حیدرآباد میں ماں اور بیٹی پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل، مقدمہ درج

حیدرآباد میں ماں اور بیٹی پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل، مقدمہ درج

حیدرآباد: تھانہ بی سیکشن کی حدود لطیف آباد یونٹ نمبر 6 میں ماں اور بیٹی پر مشتعل افراد کے مبینہ تشدد کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی، جس کے بعد پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔

پولیس کے مطابق واقعے کا مقدمہ متاثرہ خاتون ثمینہ کی مدعیت میں تھانہ بی سیکشن میں درج کیا گیا ہے۔

مقدمے کے متن کے مطابق مدعیہ نے الزام عائد کیا کہ ان کے پڑوس میں رہائش پذیر ایک نوجوان مبینہ طور پر ان کی بیٹی کو تنگ کرتا تھا۔ خاتون کے مطابق جب انہوں نے اس معاملے پر آواز اٹھائی تو مذکورہ نوجوان نے اپنے اہلخانہ اور دیگر رشتے داروں کے ہمراہ ان کے گھر آکر مبینہ طور پر تشدد کیا۔

متاثرہ خاتون کے مطابق واقعے کے دوران وہ خود، ان کی بیٹی اور شوہر زخمی ہوئے۔

واقعے کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد معاملہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث آگیا، جبکہ پولیس نے مقدمہ درج کرکے نامزد ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور مقدمے میں درج الزامات کی روشنی میں ملزمان کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واقعے کے بعد متاثرہ خاندان کی جانب سے ملزمان کے خلاف کارروائی اور انصاف کی فراہمی کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

More News