پی ٹی اے نے واٹس ایپ صارفین کو خبردار کردیا، غیر فعال نمبر پر اکاؤنٹ بلاک ہونے کا امکان

 

پی ٹی اے نے واٹس ایپ صارفین کو خبردار کردیا، غیر فعال نمبر پر اکاؤنٹ بلاک ہونے کا امکان

اسلام آباد: پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے واٹس ایپ صارفین کو اہم تنبیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر فعال، منسوخ یا زیر استعمال نہ رہنے والی سموں پر رجسٹرڈ واٹس ایپ اکاؤنٹس کسی بھی وقت بلاک کیے جا سکتے ہیں۔

پی ٹی اے کے مطابق غیر فعال موبائل نمبرز پر موجود واٹس ایپ اکاؤنٹس کے فراڈ، دھوکا دہی اور دیگر غیر قانونی سرگرمیوں کے لیے استعمال ہونے کا خدشہ رہتا ہے، جس کے باعث ایسے اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کی جا رہی ہے۔

پرانا نمبر کسی اور صارف کو مل سکتا ہے

اتھارٹی نے واضح کیا کہ منسوخ یا غیر فعال موبائل نمبر مستقبل میں کسی دوسرے صارف کو دوبارہ جاری کیا جا سکتا ہے۔

ایسی صورتحال میں سابق صارف کے نام سے منسلک واٹس ایپ اکاؤنٹ اور ذاتی معلومات کے غلط استعمال کا خطرہ بڑھ جاتا ہے، جس سے پرائیویسی اور ڈیجیٹل سیکیورٹی متاثر ہوسکتی ہے۔

پی ٹی اے نے صارفین کو ہدایت کی ہے کہ وہ فوری طور پر چیک کریں کہ ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ایسے موبائل نمبر سے منسلک ہے جو فعال بھی ہو اور ان کے اپنے استعمال میں بھی ہو۔

واٹس ایپ صارفین کیا کریں؟

جن افراد کے پرانے موبائل نمبرز بند یا غیر فعال ہوچکے ہیں، انہیں مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ واٹس ایپ میں موجود “Change Number” فیچر استعمال کرکے اپنا اکاؤنٹ نئے اور فعال موبائل نمبر پر منتقل کریں۔

پی ٹی اے کے مطابق اس اقدام کا مقصد ملک میں ڈیجیٹل سیکیورٹی کو بہتر بنانا، صارفین کے ذاتی ڈیٹا کا تحفظ اور سائبر فراڈ کی روک تھام ہے۔

اتھارٹی نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ اپنی سمز کا موجودہ اسٹیٹس چیک کریں اور اگر کوئی نمبر غیر فعال ہوچکا ہے تو اسے واٹس ایپ اکاؤنٹ سے منسلک رکھنے کے بجائے فوری طور پر فعال نمبر پر اکاؤنٹ منتقل کریں۔

More News