ہری پور کے حسن نثار کو نوجوانوں کے لیے خدمات پر یوتھ ایکسیلینس ایوارڈ
ہری پور: حکومت خیبرپختونخوا نے خانپور ہری پور سے تعلق رکھنے والے حسن نثار کو نوجوانوں کی تعلیم، تربیت اور ترقی کے لیے خدمات کے اعتراف میں یوتھ ایکسیلینس ایوارڈ سے نواز دیا۔
ایوارڈ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر برائے کھیل و امور نوجوانان تاج محمد ترند نے پشاور یونیورسٹی میں منعقدہ تقریب کے دوران پیش کیا۔ تقریب کا انعقاد ڈائریکٹوریٹ آف یوتھ افیئرز کی جانب سے عالمی یوم نوجوانان کے حوالے سے کیا گیا۔
حسن نثار نے 2022 میں میٹرکس پاکستان کی بنیاد رکھی، جس کے ذریعے خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں نوجوانوں کے لیے تعلیمی، تربیتی اور آگاہی پروگرام منعقد کیے گئے۔ ان سرگرمیوں میں پسماندہ اور کم سہولیات والے علاقوں کے نوجوانوں پر خصوصی توجہ دی گئی۔
میٹرکس پاکستان کے تحت ہزاروں افراد کو ڈیجیٹل مارکیٹنگ، مصنوعی ذہانت، کاروبار، ٹیکنالوجی، بلاک چین اور دیگر جدید شعبوں میں تربیت فراہم کی گئی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تاج محمد ترند، سیکریٹری اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز محمد آصف اور ڈائریکٹر یوتھ افیئرز عباس خان آفریدی نے حسن نثار کی نوجوانوں کے لیے تعلیمی اور تربیتی خدمات کو سراہا۔
حسن نثار نے کہا کہ یوتھ ایکسیلینس ایوارڈ نوجوانوں کے لیے جاری کام کا اعتراف ہے اور پسماندہ علاقوں کے نوجوانوں کو تعلیم، ہنر، ٹیکنالوجی اور روزگار کے مواقع فراہم کرنے کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا





