میر رضا قتل کیس: پولیس کی پہلی پریس ریلیز، اہم پیش رفت متوقع

میر رضا قتل کیس: پولیس کی پہلی پریس ریلیز، اہم پیش رفت متوقع

سندھ پولیس نے کراچی میں نوجوان تاجر میر رضا کے قتل کیس کی تحقیقات کے حوالے سے پہلی پریس ریلیز جاری کردی ہے، جس میں بتایا گیا ہے کہ اعلیٰ سطحی تحقیقاتی ٹیم طبی رپورٹس، ڈیجیٹل شواہد اور سابقہ تفتیش کا باریک بینی سے جائزہ لے رہی ہے۔

پولیس کے مطابق مقتول کے اہل خانہ، دوستوں اور دیگر متعلقہ افراد سے حاصل معلومات کو بھی تحقیقات کا حصہ بنایا جا رہا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم کو اب تک دو پوسٹ مارٹم، ایک حتمی اور تین کیمیائی تجزیاتی رپورٹس موصول ہوچکی ہیں، جبکہ آخری کیمیائی رپورٹ 17 اگست کو موصول ہوئی۔

ترجمان سندھ پولیس کے مطابق رپورٹس کے جائزے کے دوران بعض نکات پر مزید وضاحت اور باہمی مطابقت کی ضرورت محسوس ہوئی، جس کے لیے متعلقہ اداروں سے مزید معلومات اور تصدیق حاصل کی جا رہی ہے۔

پولیس نے موبائل فون اور اسمارٹ واچ کے ڈیٹا کے تجزیے کے لیے پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی سے رابطہ کیا ہے، جبکہ ڈیجیٹل کرنسی سے متعلق معاملات کی تحقیقات کے لیے این سی سی آئی اے سے بھی مدد طلب کی گئی ہے۔

اس کے علاوہ مقتول کے موبائل فون کو ان لاک کرنے کے لیے ایپل حکام سے رابطہ کیا گیا ہے تاکہ ممکنہ ڈیجیٹل شواہد کا مکمل تجزیہ کیا جاسکے۔

پولیس ترجمان کا کہنا ہے کہ کیمیائی تجزیاتی رپورٹ میں موجود غیر واضح نکات کی وضاحت سے تحقیقات میں اہم پیش رفت متوقع ہے۔

ترجمان کے مطابق تحقیقاتی ٹیم تکنیکی، ڈیجیٹل، فرانزک اور دیگر قابل اعتماد شواہد کی بنیاد پر روزانہ کی بنیاد پر تفتیش آگے بڑھا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ کیس کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور دستیاب شواہد کی روشنی میں تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے کی کوشش جاری ہے۔

More News