نئے صوبوں کے قیام کا مطالبہ، محمد علی درانی بھی میدان میں آگئے
اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر اطلاعات محمد علی درانی نے بہاولپور اور ہزارہ کو فوری طور پر دو ماڈل صوبوں کا درجہ دینے کا مطالبہ کردیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے محمد علی درانی نے کہا کہ جیسے جیسے نئے صوبوں کے قیام پر اتفاق رائے پیدا ہوتا جائے، مزید صوبے بنائے جانے چاہئیں۔ ان کے مطابق موجودہ نظام ایک ٹانگ پر کھڑا ہے اور زیادہ دیر تک اس طرح نہیں چل سکتا۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور اور ہزارہ صوبوں کے قیام کی قراردادیں پہلے ہی متعلقہ صوبائی اسمبلیوں سے منظور ہوچکی ہیں، جبکہ آئینی تقاضے بھی پورے کیے جاچکے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ ماہ سینیٹ اور قومی اسمبلی میں یہ معاملہ اٹھایا جائے گا۔
محمد علی درانی نے کہا کہ پہلے دونوں علاقوں کو ماڈل صوبے بنایا جائے تاکہ نئے صوبوں کی افادیت واضح ہوسکے۔ ان کے مطابق نئے صوبوں کے قیام سے انتظامی اخراجات میں اضافہ نہیں ہوگا بلکہ عوامی ترقی پر زیادہ وسائل خرچ کیے جاسکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بہاولپور ملک کی فوڈ باسکٹ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے، جبکہ ہزارہ سیاحت اور معدنیات کے حوالے سے اہم خطہ ہے۔ محمد علی درانی نے زور دیا کہ جہاں عوامی رائے بن جائے، وہاں آئینی طریقے سے نیا صوبہ قائم کیا جانا چاہیے۔






