پاکستان میں آئی ٹی شعبے کیلئے بڑی پیش رفت، برآمدات میں 18 فیصد اضافہ
اسلام آباد: وفاقی وزیر آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزا فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں 18 فیصد اضافہ ہوا ہے، جبکہ حکومت ٹیکنالوجی کے شعبے میں مقامی صلاحیتوں کو فروغ دینے اور عالمی ٹیک کمپنیوں کے ساتھ تعاون بڑھانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔
پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے شزا فاطمہ نے بتایا کہ ’اے آئی سیکھو 2026‘ پروگرام میں 17 ہزار سے زائد ٹیموں نے رجسٹریشن کرائی، جن میں خواتین کی شرکت 25 فیصد رہی۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان میں گوگل کا دفتر کھلنا ملک کے ٹیکنالوجی ایکو سسٹم اور مقامی ٹیلنٹ کے لیے اہم پیش رفت ہے۔ ان کے مطابق عالمی کمپنیوں کے تعاون سے پاکستان میں ٹیکنالوجی کے شعبے میں نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
انہوں نے بتایا کہ مقامی طور پر تیار کیے جانے والے کروم بکس کی علاقائی ممالک کو برآمدات کی حوصلہ افزائی کی جائے گی۔ حکومت کا مقصد پاکستان کو ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل مصنوعات کے حوالے سے علاقائی مارکیٹ میں نمایاں مقام دلانا ہے۔
شزا فاطمہ کے مطابق تقریباً 50 ہزار ڈویلپرز کو گیمنگ، اینیمیشن اور دیگر شعبوں میں تربیت دی جاچکی ہے، جبکہ ایپس اور ایپ ڈیزائن سے متعلق ماسٹر کلاسز بھی منعقد کی گئی ہیں۔





