خیبرپختونخوا میں ڈوبنے والے تمام 5 افراد کے جسدِ خاکی برآمد
پشاور: ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا نے 14 اگست کو ہنڈ صوابی، چارسدہ اور دیگر مقامات پر ڈوب کر لاپتا ہونے والے تمام 5 افراد کی تلاش مکمل کرلی۔
ریسکیو 1122 کے ماہر غوطہ خوروں نے مسلسل سرچ آپریشن کے دوران تمام لاپتا افراد کے جسدِ خاکی برآمد کرلیے، جبکہ آخری لاپتا شخص کا جسدِ خاکی آج نوشہرہ سے ملنے کے بعد سرچ آپریشن مکمل کردیا گیا۔
حادثات میں مردان سے تعلق رکھنے والے ایک ہی خاندان کے 3 افراد، باپ اور اس کے 2 بیٹے بھی شامل تھے، جن کے جسدِ خاکی بھی ریسکیو ٹیموں نے تلاش کرلیے۔
سرچ آپریشن میں صوابی، نوشہرہ، پشاور، چارسدہ اور مردان کی ماہر غوطہ خور اور سرچ اینڈ ریسکیو ٹیموں نے حصہ لیا۔ تیز پانی کے بہاؤ، گہرائی اور مشکل حالات کے باوجود ریسکیو اہلکاروں نے مسلسل کارروائیاں جاری رکھیں۔
ڈی جی ریسکیو 1122 خیبرپختونخوا شاہ فہد نے سرچ آپریشن میں حصہ لینے والی ٹیموں کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ مشکل حالات میں بھی لاپتا افراد کی تلاش اور متاثرہ خاندانوں کی معاونت ریسکیو 1122 کی اولین ترجیح ہے








