شامی وزیرخارجہ کی اسحاق ڈار سے ملاقات، فلسطین، گولان اور افغانستان کی صورتحال پر تبادلہ خیال
اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام نے باہمی دلچسپی کے مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔
دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملاقات کے دوران فلسطین، گولان کی پہاڑیوں اور افغانستان کی صورتحال سمیت جنوبی ایشیا اور مشرق وسطیٰ کی مجموعی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان شام کی خودمختاری، اتحاد اور علاقائی سالمیت کی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے خطے میں امن، استحکام اور تعاون کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے پاکستان اور سعودی عرب سمیت دیگر ممالک کے ساتھ علاقائی تعاون کا حوالہ دیتے ہوئے مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے پر دستخط کا خیرمقدم کیا۔
انہوں نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا۔ شامی وزیر خارجہ نے امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کی کوششوں کو بھی قابلِ قدر قرار دیا۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک نے امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ فریقین نے مختلف علاقائی اور عالمی معاملات پر رابطہ اور مشاورت برقرار رکھنے پر بھی اتفاق کیا۔
دریں اثنا شامی وزیر خارجہ اسعد حسن الشیبانی نے اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے بھی ملاقات کی، جس میں پاکستان اور شام کے درمیان دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی تعاون کو مزید فروغ دینے کے امور زیر بحث آئے۔
جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان شام کے ساتھ اپنے دیرینہ برادرانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی و اقتصادی روابط کو مزید مضبوط بنانے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں دونوں جانب سے تجارت اور سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ شامی وزیر خارجہ نے پاکستان شام مشترکہ کاروباری کونسل کے قیام کی تجویز بھی پیش کی، جس کا مقصد دونوں ممالک کے کاروباری طبقے کے درمیان روابط کو فروغ دینا ہوگا۔
وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے ترجیحی اقتصادی شعبوں کی نشاندہی اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو عملی شکل دینے کے لیے اقتصادی روڈمیپ تیار کرنے کی تجویز دی۔
ملاقاتوں میں اس بات پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور شام کے دیرینہ دوستانہ تعلقات کو معاشی، تجارتی اور سفارتی تعاون کے ذریعے مزید مستحکم کیا جائے۔





