راولپنڈی اسلام آباد میں موسلا دھار بارش، نالہ لئی بپھرنے لگا
راولپنڈی اور اسلام آباد میں تیز بارش کے بعد نالہ لئی کے بہاؤ میں اضافہ ہوگیا، جس پر ضلعی انتظامیہ نے پری الرٹ جاری کرتے ہوئے نشیبی علاقوں کے مکینوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گولڑہ میں 60، بوکرہ میں 31، شمس آباد اور پیرودھائی میں 25، نیو کٹاریاں میں 21 جبکہ گوالمنڈی میں 22 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
ایم ڈی واسا کے مطابق کٹاریاں کے مقام پر نالہ لئی میں پانی کی سطح 11 فٹ جبکہ گوالمنڈی پل پر 6 فٹ ریکارڈ کی گئی ہے۔ نالہ لئی اور نشیبی علاقوں میں ہیوی مشینری کے ساتھ عملہ تعینات کردیا گیا جبکہ راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ ہے۔
ضلعی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ صورتحال پر مسلسل نظر رکھی جارہی ہے اور ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تمام انتظامات مکمل ہیں۔ شہریوں کو نالہ لئی کے اطراف غیر ضروری نقل و حرکت سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے۔







