دشمن عناصر بلوچستان میں عوام اور ریاست کے درمیان خلیج پیدا کرنا چاہتے ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر
کوئٹہ: چیف آف ڈیفنس فورسز و فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرنے، ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے اور ریاست و عوام کے درمیان خلیج پیدا کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے بلوچستان کی اہم شخصیات اور سیاسی قیادت سے ملاقات کی، جس میں صوبے کی صورتحال، امن و استحکام، معاشی ترقی اور نوجوانوں کے کردار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ بلوچستان اور پاکستان کا حال اور مستقبل ایک دوسرے سے جڑا ہوا ہے۔ انہوں نے بلوچستان کو باصلاحیت، پرعزم، محب وطن اور باوقار عوام کی سرزمین قرار دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ترقی اور خوشحالی کے وسیع امکانات موجود ہیں۔
انہوں نے واضح قومی بیانیے، پائیدار امن اور استحکام کو بلوچستان کی معاشی صلاحیت اجاگر کرنے کے لیے بنیادی اہمیت کا حامل قرار دیا۔ ان کے مطابق امن و استحکام سے سرمایہ کاری کے فروغ میں مدد ملے گی اور صوبے کے قدرتی وسائل کو عوامی خوشحالی میں تبدیل کیا جا سکے گا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے بلوچستان کے نوجوانوں کو ملک کا اہم اور متحرک طبقہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو بااختیار بنانا اور انہیں قومی ترقی میں کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا پائیدار ترقی کے لیے ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ تعلیم، روزگار، ہنر اور ترقی کے مواقع فراہم کرکے نوجوانوں کی صلاحیتوں سے بھرپور فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے، جبکہ عوام کی شمولیت سے صوبے میں ترقی کے عمل کو مزید مضبوط بنایا جا سکتا ہے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کہنا تھا کہ دشمن عناصر بلوچستان میں عدم استحکام پیدا کرکے ترقی کا راستہ روکنا اور ریاست و عوام کے درمیان فاصلے بڑھانا چاہتے ہیں۔ انہوں نے ان عناصر کے عزائم کو ناکام بنانے کے لیے امن، اتحاد اور اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ بلوچستان کی ترقی اور پاکستان کی مجموعی ترقی ایک دوسرے سے وابستہ ہیں۔ صوبے کے وسائل، نوجوانوں کی صلاحیتوں اور معاشی مواقع کو مؤثر انداز میں استعمال کرکے بلوچستان میں دیرپا خوشحالی لائی جا سکتی ہے۔
ملاقات میں بلوچستان کے مستقبل، عوامی خوشحالی اور صوبے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ کوششوں کی اہمیت بھی اجاگر کی گئی۔








