گلگت بلتستان میں کوہ پیمائی کے دوران جاں بحق عاصمہ مشتاق کی آخری ویڈیو نے سب کو افسردہ کر دیا
گلگت بلتستان: اسپینٹک چوٹی سر کرنے کے بعد واپسی کے دوران جاں بحق ہونے والی پاکستانی کوہ پیما اور ٹریول ویلاگر عاصمہ مشتاق کی آخری ویڈیو سوشل میڈیا پر گردش کر رہی ہے، جس میں وہ اپنے سفر کے دوران پُرجوش اور خوش دکھائی دے رہی ہیں۔
ویڈیو میں عاصمہ مشتاق پہاڑی سفر کے مناظر شیئر کرتی اور اپنے چھوٹے بھائی کو یاد کرتی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کی پُرجوش گفتگو اور سفر کے خوبصورت مناظر اب اہلِ خانہ، دوستوں اور مداحوں کے لیے ایک جذباتی یاد بن گئے ہیں۔
عاصمہ مشتاق کی خواہش تھی کہ وہ اسپینٹک چوٹی سر کریں، جو قراقرم کے پہاڑی سلسلے میں 7 ہزار 27 میٹر بلند ہے۔ انہوں نے اپنے گائیڈ علی اکبر کے ہمراہ چوٹی کامیابی سے سر کی اور اس وقت ان کی طبیعت بھی بہتر بتائی گئی۔
تاہم چوٹی سے واپسی کے دوران بلند مقام پر اچانک ان کی طبیعت خراب ہوگئی۔ گائیڈ نے انہیں بچانے اور ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ جانبر نہ ہو سکیں۔
عاصمہ مشتاق پاکستان میں کوہ پیمائی، سیاحت اور ٹریول ویڈیوز کے حوالے سے جانی جاتی تھیں۔ وہ مختلف مقامات کے سفر اور پہاڑوں سے اپنی محبت کو سوشل میڈیا کے ذریعے لوگوں تک پہنچاتی رہی تھیں۔
ان کی آخری ویڈیو سامنے آنے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے افسوس اور دکھ کا اظہار کیا، جبکہ دوستوں اور مداحوں نے مرحومہ کے لیے مغفرت اور اہلِ خانہ کے لیے صبر کی دعائیں کیں۔
عاصمہ مشتاق کا اسپینٹک چوٹی سر کرنے کا خواب تو پورا ہوگیا، مگر واپسی کا یہ سفر ان کی زندگی کا آخری سفر ثابت ہوا۔





