ضلع کرم کی ترقی کے لئے ضلعی مانیٹرنگ ٹیم بنانے کافیصلہ

ضلع کرم کی ترقی کے لئے ضلعی مانیٹرنگ ٹیم بنانے کافیصلہ

کمانڈر 73 بریگیڈ ہشام بن اصغر کی زیرصدارت اجلاس، تمام منصوبوں کو ماسٹر پلان میں شامل کرکے مربوط انداز میں عملی جامہ پہنانے کا عزم

 

کرم: ضلع کرم کی ترقی، خوشحالی اور عوامی فلاح و بہبود کے لیے تمام متعلقہ محکموں کو باہمی تعاون اور مربوط حکمتِ عملی کے تحت مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔ ضلع کرم کو ترقی کے نئے دور سے ہمکنار کرنے اور عوام کو عملی طور پر واضح تبدیلی فراہم کرنے کے لیے ایک جامع ماسٹر پلان مرتب کیا جائے گا، جس کے تحت عوامی ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے ترجیحی بنیادوں پر ترقیاتی منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار کمانڈر 73 بریگیڈ ہشام بن اصغر نے ہیڈکوارٹر 73 بریگیڈ میں جملہ لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان کے ساتھ ضلع کرم کی ترقی کے حوالے سے منعقدہ اجلاس کے دوران کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر، ڈپٹی کمانڈر کرنل نعیم، سی او 72 ایس پی لیفٹیننٹ کرنل حسنات الرحمٰن، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر کرم ڈاکٹر سعد افریدی سمیت دیگر عسکری افسران بھی موجود تھے۔

 

اجلاس میں ضلع کرم کے جاری اور منظور شدہ ترقیاتی منصوبوں، نئی مجوزہ سکیموں اور مختلف شعبوں میں درپیش ضروریات کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ کمانڈر 73 بریگیڈ نے متعلقہ محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے جاری و منظور شدہ منصوبوں کے علاوہ عوامی ضروریات کے مطابق نئی ترقیاتی سکیموں کی نشاندہی کرکے جامع تجاویز پیش کریں، تاکہ تمام منصوبوں کو ماسٹر پلان میں شامل کرکے مربوط انداز میں عملی جامہ پہنایا جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ترقیاتی منصوبوں کا مقصد عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی، درپیش مسائل کا حل اور ضلع میں نمایاں مثبت تبدیلی لانا ہے۔

 

اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت، معیار اور بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کے لیے ڈسٹرکٹ لیول مانیٹرنگ ٹیم کے قیام کا بھی فیصلہ کیا گیا، جو منصوبوں کی باقاعدگی سے نگرانی کرے گی۔ علاوہ ازیں آئندہ اجلاس میں اے آر ڈی سی ممبران کو بھی مدعو کرنے کا فیصلہ کیا گیا، تاکہ ترقیاتی عمل میں مشاورت اور تمام متعلقہ فریقین کی تجاویز کو شامل کیا جا سکے۔

 

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کرم فہد وزیر نے تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت کی کہ وہ اپنے اپنے محکموں کے جاری ترقیاتی منصوبوں اور نئی مجوزہ سکیموں پر مشتمل جامع تجاویز جلد از جلد ڈپٹی کمشنر آفس میں جمع کرائیں، تاکہ انہیں ماسٹر پلان میں شامل کرکے عملی اقدامات کا آغاز کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ تمام متعلقہ اداروں کے ساتھ مل کر ضلع کرم کی ترقی، بنیادی سہولیات کی بہتری اور عوامی مسائل کے پائیدار حل کے لیے مؤثر اقدامات اٹھانے کے لیے پرعزم ہے، تاکہ ترقیاتی منصوبوں کے ثمرات حقیقی معنوں میں عوام تک پہنچ سکیں۔

More News