درآمدات میں 19 فیصد اضافہ، تجارتی خسارہ 26 فیصد بڑھ گیا

درآمدات میں 19 فیصد اضافہ، تجارتی خسارہ 26 فیصد بڑھ گیا

اسلام آباد: رواں مالی سال 2026-27 کے پہلے ماہ جولائی میں ملکی درآمدات میں نمایاں اضافے کے باعث تجارتی خسارہ 26 فیصد بڑھ گیا۔ وفاقی ادارہ شماریات کے مطابق جولائی میں مختلف شعبوں کی درآمدات میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

اعدادوشمار کے مطابق جولائی میں 80 کروڑ 54 لاکھ ڈالر کی غذائی اشیا درآمد کی گئیں، جن میں دودھ و کریم، مصالحے، سویابین، پام آئل، چینی اور دالیں شامل ہیں۔ صرف بچوں کے دودھ اور کریم کی درآمد 25 فیصد اضافے کے ساتھ ایک کروڑ 87 لاکھ ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ 112 میٹرک ٹن چینی بھی درآمد کی گئی۔

مشینری کی درآمد میں سب سے نمایاں اضافہ ہوا اور یہ 41 فیصد بڑھ کر ایک ارب 31 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی۔ اس میں بجلی پیدا کرنے، دفتری، ٹیکسٹائل، زرعی، تعمیراتی اور ٹیلی مواصلات کی مشینری شامل ہے۔

گاڑیوں اور دیگر ٹرانسپورٹ سامان کی درآمد بھی 40 فیصد اضافے کے ساتھ 42 کروڑ ڈالر تک پہنچ گئی، جبکہ خام کپاس سمیت ٹیکسٹائل مصنوعات کی درآمد 15 فیصد بڑھ کر 68 کروڑ ڈالر ہوگئی۔

اعدادوشمار کے مطابق زرعی آلات اور کیمیکلز کی درآمد میں 23 فیصد اضافہ ہوا اور درآمدی حجم ایک ارب ڈالر سے تجاوز کرگیا۔ سونے، اسٹیل اور لوہے سمیت مختلف دھاتوں کی درآمد بھی 23 فیصد بڑھی، جبکہ قیمتی دھاتوں کا درآمدی بل 73 کروڑ ڈالر سے زیادہ رہا۔

رپورٹ کے مطابق درآمدات میں مجموعی طور پر 19 فیصد اضافے کے نتیجے میں جولائی کے دوران ملک کے تجارتی خسارے میں 26 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

More News