عالمی منڈی میں خام تیل مہنگا، برینٹ 94 ڈالر سے تجاوز کرگیا
عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے بعد برینٹ خام تیل 94 ڈالر فی بیرل سے تجاوز کرگیا، جبکہ امریکی ڈبلیو ٹی آئی خام تیل 87 ڈالر فی بیرل کی سطح پر پہنچ گیا۔
رائٹرز کے مطابق تیل کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کی بڑی وجہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور عالمی سپلائی میں ممکنہ رکاوٹوں کے خدشات ہیں۔ تازہ اعداد و شمار کے مطابق WTI کی قیمت 87.06 ڈالر فی بیرل ہوگئی، جبکہ برینٹ 94.39 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا۔
اماراتی خام تیل کی قیمت بھی 103.50 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، جبکہ قدرتی گیس کی قیمت میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث ایران کی تیل برآمدات متاثر ہونے کے خدشات نے عالمی مارکیٹ میں تشویش بڑھا دی ہے۔ آبنائے ہرمز میں توانائی مصنوعات کی ترسیل میں کمی بھی عالمی سپلائی کے لیے خطرہ سمجھی جارہی ہے۔ ماہرین کے مطابق کشیدگی مزید بڑھی تو خام تیل کی قیمتوں میں اضافے کا سلسلہ تیز ہوسکتا ہے۔
ہفتہ وار بنیاد پر برینٹ کی قیمت میں تقریباً 6.39 فیصد جبکہ WTI میں 5.66 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔
عالمی قیمتوں میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی پڑ سکتا ہے، جہاں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی خام تیل، درآمدی لاگت، ڈالر کی قدر اور دیگر عوامل سے منسلک ہیں۔ حکومت پہلے ہی 21 اگست سے پٹرول کی قیمت میں 3.81 روپے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل میں 3.59 روپے فی لیٹر اضافہ کرچکی ہے۔ مزید عالمی اضافہ مقامی صارفین کے لیے پٹرولیم مصنوعات مزید مہنگی ہونے کا خطرہ بڑھا سکتا ہے۔





