ٹک ٹاکر عائشہ گیلہ منہ قتل کیس، عدالت کا بڑا حکم جاری

ٹک ٹاکر عائشہ گیلہ منہ قتل کیس، عدالت کا بڑا حکم جاری

راولپنڈی: ٹک ٹاکر عائشہ گیلہ منہ قتل کیس میں عدالت نے فائرنگ میں مبینہ طور پر ملوث گرفتار دونوں شوٹرز کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے انہیں پولیس کے حوالے کردیا ہے۔

کیس کی سماعت علاقہ مجسٹریٹ محمد آصف اقبال کی عدالت میں ہوئی، جہاں پولیس نے گرفتار دونوں شوٹرز کو پیش کیا۔ تفتیشی افسر نے عدالت سے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی تاکہ قتل کے واقعے سے متعلق مزید تفتیش کی جاسکے اور شواہد اکٹھے کیے جاسکیں۔

عدالت نے پولیس کی درخواست منظور کرتے ہوئے دونوں ملزمان کا چار روزہ جسمانی ریمانڈ دے دیا۔ پولیس اب ملزمان سے فائرنگ کے واقعے، مبینہ منصوبہ بندی اور قتل میں ان کے کردار سے متعلق مزید تفتیش کرے گی۔

دوسری جانب قتل کی مبینہ منصوبہ بندی اور واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار مقتولہ کے والد، بھائی اور چچا کو بھی عدالت میں پیش کیا گیا۔

عدالت نے تینوں ملزمان کو 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا ہے۔ پولیس کی جانب سے ان افراد سے بھی قتل کے محرکات اور مبینہ منصوبہ بندی کے حوالے سے تفتیش کی جارہی ہے۔

پولیس ذرائع کے مطابق عائشہ کو رواں ماہ 14 اگست کو مبینہ طور پر باقاعدہ منصوبہ بندی کے تحت فائرنگ کرکے قتل کیا گیا تھا۔ واقعے کے بعد پولیس نے تحقیقات کا دائرہ وسیع کرتے ہوئے مختلف افراد کو حراست میں لیا اور مبینہ شوٹرز تک رسائی حاصل کی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ کیس میں تمام پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے اور گرفتار ملزمان سے حاصل ہونے والی معلومات اور دیگر شواہد کی بنیاد پر تحقیقات کو آگے بڑھایا جارہا ہے۔

حکام کے مطابق کیس کے تمام دستیاب شواہد اور تفتیشی پیش رفت عدالت کے سامنے پیش کی جائے گی، جبکہ مزید حقائق تحقیقات مکمل ہونے کے بعد سامنے آئیں گے۔

More News