اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 27 اگست سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 27 اگست سے مون سون بارشوں کی پیشگوئی

اسلام آباد: گرمی اور حبس سے پریشان شہریوں کے لیے محکمہ موسمیات نے خوشخبری سناتے ہوئے اسلام آباد سمیت بالائی علاقوں میں 27 اگست سے مون سون بارشوں کے نئے سلسلے کی پیشگوئی کردی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں 27 اگست سے گرج چمک کے ساتھ بارش کا نیا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے، جس کے دوران تیز ہوائیں بھی چل سکتی ہیں۔ بارش کے باعث شہر میں شدید گرمی کی شدت میں عارضی کمی متوقع ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں آج موسم گرم اور خشک رہنے جبکہ مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے، جبکہ 26 اگست کو درجہ حرارت 36 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

دوسری جانب کراچی میں گرمی اور حبس کی کیفیت برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کا امکان ہے، جبکہ جنوب مغربی سمت سے ہوائیں 12 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں۔ زیادہ نمی کے باعث موسم معمول سے زیادہ گرم اور مرطوب محسوس ہوگا۔

لاہور میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے اور محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے شہر میں بارش کا امکان نہیں۔ لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37 جبکہ کم سے کم 29 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کی توقع ہے۔

محکمہ موسمیات نے اسلام آباد، راولپنڈی اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کے خدشے کے پیش نظر شہریوں اور سیاحوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔

راولپنڈی اور اسلام آباد میں حالیہ مسلسل موسلادھار بارشوں کے باعث راولپنڈی میں رین ایمرجنسی نافذ کی جاچکی ہے۔ شہریوں کو آئندہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز اور نشیبی و پہاڑی علاقوں میں خصوصی احتیاط کی ہدایت کی گئی ہے۔

More News