او جی ڈی سی کی سینئر مینجمنٹ کی تنخواہوں کی تفصیلات سینیٹ میں پیش
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) کی سینئر مینجمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئی ہیں۔
وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے سینیٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق OGDCL کے منیجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لاک کی بنیادی تنخواہ 55 لاکھ 64 ہزار روپے ماہانہ ہے، جبکہ چیف فنانشل آفیسر محمد انس فاروق کی ماہانہ تنخواہ 28 لاکھ 37 ہزار روپے ہے۔
تحریری جواب کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر سلیم کی تنخواہ 22 لاکھ روپے، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ہیومن ریسورسز اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سروسز کی تنخواہ 18،18 لاکھ روپے ماہانہ ہے۔
اسی طرح جنرل منیجر حبیب اللہ چوہان کی تنخواہ 7 لاکھ، جنرل منیجر ڈاکٹر خالد امین خان کی 9 لاکھ جبکہ جنرل منیجر خرم شیراز کی ماہانہ تنخواہ 11 لاکھ روپے ہے۔ کمپنی سیکریٹری وسیم احمد کی تنخواہ 6 لاکھ روپے ماہانہ بتائی گئی ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق ان تمام افسران کو تنخواہ کے علاوہ گھر کے کرائے کی مد میں بنیادی تنخواہ کا 45 فیصد بھی دیا جاتا ہے۔ افسران کو کمپنی کی جانب سے گاڑی اور فیول کی سہولت بھی حاصل ہے۔
سینیٹ میں پیش کی گئی تفصیلات کے مطابق OGDCL کی اعلیٰ انتظامیہ کو دی جانے والی تنخواہیں اور مراعات کمپنی کے انتظامی اخراجات اور افسران کے مجموعی پیکیج کا حصہ ہیں۔
یہ تفصیلات ایک تحریری سوال کے جواب میں سینیٹ کے سامنے پیش کی گئی ہیں۔





