شانگلہ: ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

شانگلہ: ایجوکیشن فاؤنڈیشن اور یونیورسٹی کے درمیان مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

شانگلہ: خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن (KPEF) اور یونیورسٹی آف شانگلہ کے درمیان مستحق طلباء کو اعلیٰ تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کے لیے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

ایم او یو پر یونیورسٹی آف شانگلہ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان (تمغہ امتیاز) اور خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن کے ڈائریکٹر اکیڈمکس محمد ثاقب نے دستخط کیے، جبکہ اس موقع پر دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن یونیورسٹی آف شانگلہ میں زیر تعلیم مستحق اور کم آمدنی والے طلباء کو ٹیوشن فیس کا 80 فیصد بطور اسکالرشپ فراہم کرے گی۔ اسکالرشپ خالصتاً میرٹ کی بنیاد پر ان طلباء کو دی جائے گی جو تعلیمی کارکردگی میں نمایاں ہونے کے باوجود مالی مشکلات کے باعث اعلیٰ تعلیم کے اخراجات برداشت نہیں کرسکتے۔

خیبر پختونخوا ایجوکیشن فاؤنڈیشن 1992 میں صوبائی اسمبلی کے ایکٹ کے تحت قائم کی گئی کارپوریٹ باڈی ہے، جس کا بنیادی مقصد صوبے میں نجی شعبے کے ذریعے تعلیم کے فروغ اور ترقی کو یقینی بنانا ہے۔ فاؤنڈیشن کے انتظامی اور انتظامی امور بورڈ آف ڈائریکٹرز کے تحت چلتے ہیں، جس کی سربراہی وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کرتے ہیں۔

معاہدے کے مطابق ایم او یو چار سال تک مؤثر رہے گا اور دونوں اداروں کی باہمی تحریری رضامندی سے اس میں توسیع کی جاسکے گی۔ فریقین نے باہمی رضامندی سے معاہدے میں ترمیم کا اختیار بھی برقرار رکھا ہے۔

وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سردار خان نے مفاہمتی یادداشت کو یونیورسٹی آف شانگلہ کے مستحق اور قابل طلباء کے لیے ایک مثبت پیش رفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس اقدام سے مالی مشکلات کا شکار باصلاحیت طلباء کو اعلیٰ تعلیم جاری رکھنے میں مدد ملے گی۔

More News