او جی ڈی سی ایل کی سینئر مینجمنٹ کی تنخواہیں سینیٹ میں پیش
اسلام آباد: آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (OGDCL) کی سینئر مینجمنٹ کی تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات سینیٹ میں پیش کردی گئیں۔
وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جمع کرائے گئے تحریری جواب کے مطابق او جی ڈی سی ایل کے مینجنگ ڈائریکٹر احمد حیات لاک کی ماہانہ بنیادی تنخواہ 55 لاکھ 64 ہزار روپے ہے، جبکہ چیف فنانشل آفیسر محمد انس فاروق کو 28 لاکھ 37 ہزار روپے ماہانہ تنخواہ دی جاتی ہے۔
تحریری جواب کے مطابق ایگزیکٹو ڈائریکٹر عامر سلیم کی ماہانہ تنخواہ 22 لاکھ روپے جبکہ ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ آر اور ایگزیکٹو ڈائریکٹر سروسز کی تنخواہ 18،18 لاکھ روپے ہے۔
دیگر سینئر افسران میں جنرل منیجر حبیب اللہ چوہان کی ماہانہ تنخواہ 7 لاکھ روپے، جنرل منیجر ڈاکٹر خالد امین خان کی 9 لاکھ روپے اور جنرل منیجر خرم شیراز کی 11 لاکھ روپے بتائی گئی ہے۔
کمپنی سیکریٹری وسیم احمد کو ماہانہ 6 لاکھ روپے تنخواہ ملتی ہے۔
سینیٹ میں جمع کرائے گئے جواب میں تنخواہوں کے علاوہ افسران کو حاصل مراعات کی تفصیلات بھی سامنے آئیں۔ متعلقہ افسران کو تنخواہ کے 45 فیصد کے برابر ہاؤس رینٹ الاؤنس دیا جاتا ہے، جبکہ کمپنی کی جانب سے سرکاری گاڑی اور فیول کی سہولت بھی فراہم کی جاتی ہے۔
یہ تفصیلات او جی ڈی سی ایل کی سینئر مینجمنٹ کے معاوضوں سے متعلق سینیٹ میں پوچھے گئے سوال کے جواب میں پیش کی گئیں۔





