مریم نواز کا دورہ چین، زراعت اور ٹیکنالوجی میں تعاون بڑھانے پر اتفاق
لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے چار روزہ دورہ چین کے دوران پنجاب اور چین کے درمیان زراعت، آبپاشی، لائیو اسٹاک، صنعت، معدنیات اور جدید ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا ہے۔
دورہ چین کے دوران مریم نواز نے سنکیانگ کے پارٹی سیکریٹری چن شیاو جیانگ سے ملاقات کی، جس میں باہمی تعاون کے فروغ اور پنجاب کی زرعی و صنعتی ترقی سے متعلق امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں زرعی شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کے استعمال پر خصوصی توجہ دی گئی۔ دونوں جانب سے جدید ایریل وہیکلز، واٹر لیولنگ اور ڈیجیٹل کراپ مانیٹرنگ سمیت جدید زرعی طریقوں کو فروغ دینے پر اتفاق کیا گیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے چینی حکام کو زرعی مشینری، جدید آبپاشی نظام اور لائیو اسٹاک کے شعبوں میں تعاون کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب اپنی زرعی پیداوار میں اضافے کے لیے چین کے آزمودہ بیجوں سے بھی استفادہ کرنا چاہتا ہے۔
مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب پاکستان کا سب سے بڑا زرعی صوبہ ہے اور گندم، مکئی، گنے اور چاول سمیت اہم فصلوں کی ملکی ضروریات پوری کرنے میں نمایاں کردار ادا کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کارپوریٹ فارمنگ کے شعبے میں سنکیانگ کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کا خواہاں ہے۔
ملاقات میں پنجاب اور چین کے درمیان وفود کے تبادلے اور عوامی روابط مزید مضبوط بنانے پر بھی زور دیا گیا۔ دونوں جانب نے ترقی، علاقائی استحکام اور باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے کے عزم کا اظہار کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ پنجاب چین کے ساتھ زراعت، صنعت، معدنیات اور نئی ٹیکنالوجی سمیت مختلف شعبوں میں شراکت داری کو مزید مضبوط بنانا چاہتا ہے۔





