پاکستان کے اندر بھی اتحاد کی ضرورت ہے، تقسیم کرنے والوں سے بچانا ہوگا: وزیراعظم
وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان میں قومی اتحاد کی ضرورت ہے، عوام کو فتنہ اور مفاد پرست عناصر سے خبردار رہنا ہوگا۔
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں اتحاد و یکجہتی کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کو ان عناصر سے بچانا ہوگا جو فتنہ، انتشار اور ذاتی مفادات کے لیے معاشرے کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں۔
اسلام آباد میں قومی سیرت النبی ﷺ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد ایک قابل فخر قومی روایت ہے، جہاں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام، مشائخ اور محققین ایک چھت تلے جمع ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ مسلمانوں کی پہچان، عزت اور جان ہیں جبکہ سیرت طیبہ اخلاق، کردار، صبر اور برداشت کا بہترین نمونہ ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ ہم سب نبی اکرم ﷺ کی رحمت کے سائے میں ایک ملت ہیں اور نئی نسل پاکستان کی امید اور مستقبل ہے۔ انہوں نے طائف کے واقعے کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ سیرت طیبہ ہمیں صبر، برداشت اور مشکل حالات میں ثابت قدم رہنے کا درس دیتی ہے۔
وزیراعظم نے گزشتہ سال ہونے والی جنگ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اس موقع پر پوری پاکستانی قوم یکجان رہی۔ ان کے مطابق پاکستان نے امت مسلمہ کو متحد رکھنے کی کوشش کی اور مشترکہ کوششوں کے نتیجے میں مشرق وسطیٰ میں جنگ بندی ممکن ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ مسلمان ممالک کو تقسیم کرنے کی کوششوں کو اتحاد کے ذریعے ناکام بنایا گیا۔
شہباز شریف نے امن کے لیے فیلڈ مارشل عاصم منیر کی خدمات کو بھی خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشرق وسطیٰ تباہی کے دہانے پر تھا اور پاکستان نے امن کے لیے اپنا کردار ادا کیا۔ وزیراعظم نے سعودی عرب اور ترکیہ کو پاکستان کا مخلص ساتھی قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک نے مشکل وقت میں پاکستان کا بھرپور ساتھ دیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان تعاون خطے میں امن و استحکام کے لیے اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ دفاعی مشترکہ معاہدے سمیت باہمی تعاون کے اقدامات تینوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کی عکاسی کرتے ہیں۔
شہباز شریف نے زور دیا کہ آج پاکستان کے اندر بھی اسی اتحاد کی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ قوم نے مشکل وقت میں کیا۔ انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ فتنہ، انتشار اور ذاتی مفادات کے لیے ملک کو تقسیم کرنے والے عناصر سے محتاط رہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ قومی اتحاد، برداشت اور بھائی چارے کے ذریعے ہی پاکستان کو مضبوط اور مستحکم بنایا جاسکتا ہے۔








