آئی جی خیبرپختونخوا کا زخمی اہلکاروں کی عیادت، دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کرنے کا اعلان
لوئر دیر: انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے تیمرگرہ اسپتال میں دہشت گرد حملے میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کی عیادت کی اور ان کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس نے دہشت گردوں کا جرات اور پیشہ ورانہ مہارت سے مقابلہ کیا اور دشمن کو مؤثر نقصان پہنچایا۔
آئی جی پولیس نے کہا کہ صوبے کے بعض اضلاع میں حکومتی رٹ سے متعلق مسائل موجود ہیں، تاہم تمام متعلقہ اداروں کے تعاون سے ان علاقوں کو مکمل طور پر محفوظ بنایا جائے گا اور امن خراب کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔
ذوالفقار حمید نے بتایا کہ بھتہ خوروں کے خلاف خصوصی کارروائیاں جاری ہیں اور انسداد دہشت گردی محکمہ میں اس مقصد کے لیے خصوصی سیل قائم کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد حملوں کو مؤثر انداز میں ناکام بنایا جا رہا ہے اور پولیس کسی بھی قسم کے دباؤ یا خوف کا شکار نہیں ہوگی۔
آئی جی نے مزید کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس ڈرونز کی استعداد کار میں اضافہ کر رہی ہے، جبکہ گزشتہ اور رواں سال جدید اسلحہ اور آلات بھی خریدے گئے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ انسداد دہشت گردی محکمہ کے لیے 7 ارب روپے کے پیکیج کی منظوری دی جا چکی ہے تاکہ دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔








