آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان

آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے پاکستان اسکواڈ کا اعلان

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی کے لیے قومی ویمنز کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ہے۔ ٹورنامنٹ میں منیبہ علی ٹیم کی قیادت کریں گی، جبکہ عائشہ ظفر کو نائب کپتان مقرر کیا گیا ہے۔

اعلان کردہ اسکواڈ میں ایشین گیمز میں کانسی کا تمغہ جیتنے والی پاکستان ویمنز ٹیم کی 12 کھلاڑیوں کو برقرار رکھا گیا ہے۔ ٹیم میں ایمان نصیر، ایمان فاطمہ، صدف شمس، سائرہ جبین اور شوال ذوالفقار شامل ہیں۔

اسپن باؤلنگ کے شعبے میں نشرہ سندھو، مومنہ ریاست، طوبہ حسن اور ام ہانی ٹیم کا حصہ ہوں گی، جبکہ فاسٹ باؤلرز وحیدہ اختر اور تسمیہ رباب کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔

دس ٹیموں پر مشتمل آئی سی سی ویمنز ایمرجنگ نیشنز ٹرافی 12 سے 25 نومبر تک متحدہ عرب امارات کے شہر عجمان میں کھیلی جائے گی۔ پاکستان کو گروپ بی میں بنگلہ دیش، تھائی لینڈ، نیدرلینڈز اور زمبابوے کے ساتھ رکھا گیا ہے۔ گروپ اے میں سری لنکا، آئرلینڈ، اسکاٹ لینڈ، پاپوا نیوگنی اور میزبان متحدہ عرب امارات شامل ہیں۔

گروپ مرحلے کے بعد دونوں گروپس کی ٹاپ تین ٹیمیں سپر سکس مرحلے میں پہنچیں گی، جہاں سے دو بہترین ٹیمیں 26 نومبر کو فائنل کھیلیں گی۔ قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ 7 سے 9 نومبر تک لاہور میں منعقد ہوگا۔

More News