خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کے 4 نئے کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 18 ہوگئی

خیبرپختونخوا میں منکی پاکس کے 4 نئے کیسز رپورٹ، مجموعی تعداد 18 ہوگئی

پشاور: خیبرپختونخوا میں منکی پاکس (ایم پاکس) کے کیسز میں اضافہ سامنے آیا ہے، جہاں گزشتہ 72 گھنٹوں کے دوران مزید 4 افراد میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ محکمہ صحت کے مطابق نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے میں متاثرہ افراد کی مجموعی تعداد 18 ہوگئی ہے۔

محکمہ صحت کی فراہم کردہ معلومات کے مطابق پشاور میں سب سے زیادہ 5 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں، جبکہ صوبے میں اس بیماری کے باعث ایک شخص کی موت بھی ہو چکی ہے۔

طبی ماہرین کے مطابق ایم پاکس کی عام علامات میں بخار، سر درد، جسم میں درد اور جلد پر دانے یا چھالے نمودار ہونا شامل ہیں۔ بعض افراد میں علامات کی شدت مختلف ہو سکتی ہے، اس لیے مشتبہ علامات ظاہر ہونے پر طبی مشورہ لینا ضروری ہے۔

محکمہ صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ متاثرہ افراد سے قریبی جسمانی رابطے سے گریز کریں اور صفائی کا خاص خیال رکھیں۔ مشتبہ مریضوں کو دوسروں سے الگ رہنے اور فوری طبی معائنہ کروانے کی بھی ہدایت کی جاتی ہے۔

صوبے میں کیسز میں اضافے کے پیش نظر احتیاطی تدابیر اختیار کرنا اور علامات ظاہر ہونے پر بروقت طبی امداد حاصل کرنا اہم ہے۔

More News