آزاد اور ذمہ دار صحافت مضبوط جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے: شفیع جان

آزاد اور ذمہ دار صحافت جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے، صحافیوں کے تحفظ اور آزادی کیلئے حکومت پرعزم: شفیع جان

کوہاٹ:باسط گیلانی

معاون خصوصی برائے اطلاعات شفیع جان نے عالمی یومِ آزادیٔ صحافت کے موقع پر اپنے تفصیلی پیغام میں شعبہ صحافت سے وابستہ تمام افراد کی بے لوث خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ صحافت ایک مشکل، ذمہ دار اور حساس پیشہ ہے جس کے ذریعے عوام تک درست معلومات کی فراہمی ممکن ہوتی ہے۔

شفیع جان نے کہا کہ یہ دن ہمیں اس بنیادی حقیقت کی یاد دہانی کراتا ہے کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت ہی ایک مضبوط، باشعور اور جمہوری معاشرے کی بنیاد ہے۔ ان کے مطابق صحافت نہ صرف عوامی شعور کو اجاگر کرتی ہے بلکہ حکومتی اداروں کی جوابدہی اور شفافیت کے فروغ میں بھی کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ قابل اعتماد اور بروقت معلومات تک رسائی، معاشرتی مکالمے کے فروغ اور عوام و اداروں کے درمیان اعتماد کی فضا قائم کرنے میں میڈیا کا کردار انتہائی اہم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد میڈیا امن، معاشی استحکام، پائیدار ترقی اور انسانی حقوق کے تحفظ کے لیے ناگزیر حیثیت رکھتا ہے۔

معاون خصوصی نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ موجودہ دور میں معلومات کی تیز ترسیل کے ساتھ ساتھ جھوٹی خبروں، منفی پروپیگنڈے اور مصنوعی ذہانت کے غلط استعمال جیسے چیلنجز بھی تیزی سے بڑھ رہے ہیں، جو صحافت کے شعبے کے لیے نئے مسائل پیدا کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں آزادیٔ صحافت کو مختلف قسم کے دباؤ، مشکلات اور خطرات کا سامنا ہے جبکہ صحافیوں کو پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کی انجام دہی کے دوران کئی بار جان و مال کے خطرات بھی لاحق ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ صحافی برادری کو معاشی مشکلات کا بھی سامنا ہے جو فوری توجہ کی متقاضی ہیں۔

شفیع جان نے کہا کہ صوبائی حکومت آزادیٔ صحافت کے فروغ، صحافیوں کے تحفظ اور ان کے پیشہ ورانہ حقوق کے تحفظ کے لیے سنجیدہ اور پرعزم ہے۔ ان کے مطابق حکومت اس بات کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کر رہی ہے کہ صحافی آزادانہ ماحول میں اپنی ذمہ داریاں سرانجام دے سکیں۔

انہوں نے فرائض کی ادائیگی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے صحافیوں کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا اور کہا کہ صحافت کے میدان میں اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے افراد کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی۔

شفیع جان نے آخر میں کہا کہ آزاد اور ذمہ دار صحافت نہ صرف معاشرے کی بہتری بلکہ قومی ترقی اور استحکام کے لیے بھی بنیادی ستون کی حیثیت رکھتی ہے، اس لیے تمام فریقین کو اس کے فروغ اور تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

More News