آزاد کشمیر میں عام انتخابات کا شیڈول جاری، پولنگ 27 جولائی کو ہوگی
مظفرآباد: آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے عام انتخابات کے شیڈول کا اعلان کر دیا گیا ہے، جبکہ پولنگ 27 جولائی 2026 کو منعقد ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) غلام مصطفیٰ مغل نے ممبران الیکشن کمیشن کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ آزاد کشمیر کے 33 اور مہاجرین کے 12 حلقوں سمیت مجموعی طور پر 45 حلقوں میں انتخابات کرائے جائیں گے۔
الیکشن شیڈول کے مطابق امیدوار اپنے کاغذات نامزدگی 9 جون سے 19 جون تک جمع کرا سکیں گے۔ کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد 20 جون کو امیدواروں کی ابتدائی فہرست جاری کی جائے گی۔
انہوں نے بتایا کہ کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کے حوالے سے اپیلوں کی سماعت 26 اور 27 جون کو ہوگی، جبکہ 28 اور 29 جون کو اپیلوں پر فیصلے سنائے جائیں گے۔ 29 جون کو امیدوار انتخاب سے دستبردار ہو سکیں گے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق یکم جولائی کو امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی جبکہ 2 جولائی کو انتخابی نشانات الاٹ کیے جائیں گے۔ پولنگ 27 جولائی کو ہوگی۔
چیف الیکشن کمشنر نے اس موقع پر کہا کہ عوام کو اپنا حق رائے دہی آزادانہ اور شفاف انداز میں استعمال کرنا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لیے فوج اور رینجرز کو بھی طلب کیا جائے گا۔
انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے تاکہ انتخابی عمل پرامن اور شفاف انداز میں مکمل ہو سکے








