وفاقی وزیرمواصلات کی سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت

سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مواصلاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت

اسلام آباد: وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں موٹرویز اور مواصلاتی منصوبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا ہے کہ سعودی سرمایہ کاروں کو ملک میں قابل عمل اور منافع بخش مواقع فراہم کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان سے سعودی پاک بزنس کونسل کے چیئرمین پرنس منصور بن محمد السعود نے ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات، سرمایہ کاری کے مواقع اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔

ملاقات کے دوران عبدالعلیم خان نے سعودی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں مختلف اہم موٹرویز اور انفراسٹرکچر منصوبوں میں سرمایہ کاری کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ کراچی پورٹ ایم-10، سکھر-حیدرآباد ایم-6 اور کھاریاں-راولپنڈی ایم-13 جیسے منصوبے سرمایہ کاری کے لیے موزوں ترین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان میں نئی شاہراہوں اور موٹرویز پر تیزی سے کام جاری ہے اور خطے میں تجارتی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مضبوط روڈ نیٹ ورک بنیادی اہمیت رکھتا ہے۔ ان کے مطابق ان منصوبوں میں سعودی عرب کی شراکت داری کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جاتا ہے۔

پرنس منصور بن محمد السعود نے پاکستانی مواصلاتی شعبے میں تعاون اور سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے سعودی پاک بزنس کونسل کی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے کہا کہ یہ دورہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع تلاش کرنے کے لیے اہم ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور آزمودہ تعلقات ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سعودی عرب کے ساتھ پاکستان کی مذہبی اور جذباتی وابستگی بھی انتہائی گہری ہے، اور دونوں ممالک ہمیشہ ایک دوسرے کے ساتھ خیرسگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔

ملاقات کے اختتام پر دونوں فریقین نے اس بات پر اتفاق کیا کہ سعودی پاک بزنس کونسل کے پلیٹ فارم سے اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دی جائے گی

More News