آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں 20 کلو تھیلا 3400 روپے تک پہنچ گیا

آٹے کی قیمتوں میں بڑا اضافہ، کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں 20 کلو تھیلا 3400 روپے تک پہنچ گیا

ملک میں مہنگائی کی نئی لہر کے دوران آٹے سمیت متعدد اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 20 کلو آٹے کے تھیلے کی قیمت میں بعض شہروں میں 400 روپے تک اضافہ ہوا، جبکہ ہفتہ وار مہنگائی کی شرح میں 0.57 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

ادارہ شماریات کے اعداد و شمار کے مطابق سالانہ بنیادوں پر مہنگائی کی شرح 11.97 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔ ایک ہفتے کے دوران 20 اشیائے ضروریہ مہنگی ہوئیں، 6 کی قیمتوں میں کمی آئی، جبکہ 25 اشیاء کی قیمتیں مستحکم رہیں۔

رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں آٹا 5.69 فیصد، مرغی 4.93 فیصد، دال چنا 3.99 فیصد اور ٹماٹر 2.40 فیصد مہنگے ہوئے۔ پیٹرول، دال مسور، چائے اور ایل پی جی کی قیمتوں میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

شہروں میں آٹے کی قیمتوں کے حوالے سے کراچی، پشاور اور اسلام آباد میں 20 کلو کا تھیلا 3400 روپے تک فروخت ہونے کی اطلاع ہے۔ راولپنڈی میں قیمت 347 روپے اضافے کے بعد 3333 روپے، سیالکوٹ میں 333 روپے اضافے کے بعد 3133 روپے اور سکھر میں 300 روپے اضافے کے بعد 3060 روپے تک پہنچ گئی۔

حیدرآباد میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 3200 روپے، کوئٹہ میں 3030 روپے اور ملتان میں 2866 روپے تک فروخت ہو رہا ہے۔ اس کے برعکس لاہور میں قیمت 2300 روپے اور فیصل آباد میں 2200 روپے برقرار رہی۔

ایک ہفتے کے دوران کیلے، ڈیزل، آلو اور چینی کی قیمتوں میں کمی بھی ریکارڈ کی گئی۔

سالانہ مہنگائی میں بھی اضافہ

ادارہ شماریات کے مطابق ایک سال کے دوران پیاز 100.24 فیصد، ایل پی جی 68.55 فیصد، بجلی کے چارجز 58.59 فیصد اور پیٹرول 47.52 فیصد مہنگا ہوا۔ گندم کے آٹے کی قیمت میں بھی سالانہ بنیادوں پر 32.60 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

دوسری جانب آلو، ٹماٹر، چینی اور انڈوں سمیت بعض اشیاء کی قیمتیں گزشتہ سال کے مقابلے میں کم ہوئیں۔

More News