آپریشن ردالفتنہ 3، بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن، فتنہ الہندوستان کے اہم سرغنہ سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

آپریشن ردالفتنہ 3: بلوچستان میں سکیورٹی فورسز کی بڑی کارروائی، اہم سرغنہ سمیت 5 دہشتگرد ہلاک

بلوچستان: سکیورٹی فورسز نے آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے ضلع پنجگور میں انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان سے وابستہ اہم سرغنہ سمیت مزید 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق علاقے میں دہشتگردوں کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر فورسز نے پنجگور میں انٹیلی جنس کی بنیاد پر آپریشن کیا۔ کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں 5 دہشتگرد ہلاک ہوئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں فتنہ الہندوستان کا ایک اہم سرغنہ بھی شامل ہے، جو علاقے میں دہشتگردانہ سرگرمیوں اور جرائم میں ملوث تھا۔ کارروائی کے بعد دہشتگردوں کے قبضے سے 4 موٹر سائیکلیں، مشین گنز اور دیگر جدید و بھاری اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔

سکیورٹی ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد پنجگور اور گردونواح میں لوٹ مار، اغوا اور دہشتگردانہ کارروائیوں میں ملوث تھے۔ دہشتگرد گروہ علاقے میں خوف و ہراس پھیلانے اور امن و امان کو نقصان پہنچانے کی کوششوں میں مصروف تھا۔

ذرائع کے مطابق کارروائی کے بعد علاقے میں ممکنہ طور پر موجود دیگر دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کی تلاش کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔ سکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کے مختلف مقامات کو سرچ کیا جا رہا ہے تاکہ دہشتگرد نیٹ ورک کے باقی عناصر کا سراغ لگا کر انہیں قانون کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ حکام کے مطابق دہشتگرد عناصر کے خلاف انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائیوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سکیورٹی فورسز نے متعدد کارروائیاں کی تھیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق مستونگ، بولان، واشک، آواران، سبی، خضدار، ہرنائی اور نوشکی میں کی جانے والی کارروائیوں کے دوران 15 دہشتگرد ہلاک ہوئے تھے۔

ذرائع کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی حکام کا کہنا ہے کہ مسلسل اور مؤثر کارروائیوں کے نتیجے میں دہشتگرد عناصر کے نیٹ ورک کو شدید نقصان پہنچا ہے اور ان کی نقل و حرکت محدود ہوئی ہے۔

سکیورٹی فورسز کے مطابق بلوچستان میں امن و استحکام برقرار رکھنے کے لیے دہشتگرد عناصر کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔

More News