احتجاج 27 ستمبر کو ہی ہوگا، ملتوی کرنے کا سوال نہیں، بیرسٹر گوہر
اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر نے کہا ہے کہ پارٹی کا 27 ستمبر کو ہونے والا احتجاج حتمی ہے اور اسے ملتوی کرنے کا کوئی سوال نہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ حکومت کے ساتھ احتجاج یا لانگ مارچ ملتوی کرنے کے حوالے سے کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہوئے۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ سہیل آفریدی 27 ستمبر کے احتجاج کی قیادت کریں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی بانی عمران خان ہمیشہ مذاکرات کے حامی رہے ہیں اور انہوں نے محمود خان اچکزئی اور علامہ ناصر عباس کو اپنی جانب سے مذاکرات کے لیے اختیار دیا تھا۔
بیرسٹر گوہر کے مطابق پی ٹی آئی کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش کو کمزوری سمجھا گیا، تاہم اس وقت حکومت کے ساتھ کوئی باضابطہ مذاکرات نہیں ہو رہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے ساتھ پس پردہ رابطے ضرور موجود ہیں اور ان کا وزیر داخلہ محسن نقوی سے بھی رابطہ ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ حکومت کے ساتھ بیک ڈور رابطوں کو کبھی خفیہ نہیں رکھا گیا، تاہم ان رابطوں کی تفصیلات میڈیا کے سامنے بیان نہیں کی جا سکتیں۔ ان کے مطابق سیاسی معاملات کے حل کے لیے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔
27 ستمبر کے احتجاج کے حوالے سے بیرسٹر گوہر نے دعویٰ کیا کہ یہ صرف پی ٹی آئی کا فیصلہ نہیں بلکہ دیگر سیاسی جماعتوں سے مشاورت کے بعد احتجاج کا منصوبہ بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں احتجاج میں شرکت کریں گی۔
وزیراعظم کی جانب سے موصول ہونے والے خط کے بارے میں بات کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ خط موصول ہونا ایک مثبت پیش رفت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ اپوزیشن لیڈر اس معاملے پر رابطہ کاری کر رہے ہیں اور سیاسی سطح پر صورتحال کا جائزہ لیا جا رہا ہے۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے پارٹی بانی عمران خان تک رسائی نہ ملنے پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالتی احکامات کے باوجود پی ٹی آئی رہنماؤں کو گزشتہ 10 ماہ سے عمران خان سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے ایک بار پھر واضح کیا کہ 27 ستمبر کا احتجاج طے شدہ پروگرام کے مطابق ہوگا اور اسے ملتوی کرنے سے متعلق کوئی فیصلہ زیر غور نہیں۔ ان کے مطابق پارٹی قیادت احتجاج کی تیاریوں میں مصروف ہے جبکہ سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطے بھی جاری ہیں۔








