اسحاق ڈار کا نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل سے رابطہ، عہدے سنبھالنے پر مبارکباد

اسحاق ڈار کا نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل سے ٹیلیفونک رابطہ، عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد

فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت مسلم امہ کے مشترکہ مسائل کے حل میں او آئی سی کا کردار اہم ہے، اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے نومنتخب اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی) کے سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد سے ٹیلیفونک رابطہ کیا اور انہیں او آئی سی کا سیکریٹری جنرل منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق ٹیلیفونک گفتگو کے دوران اسحاق ڈار نے اسماعیل ولد شیخ احمد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اسلامی تعاون تنظیم کو خصوصی اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ نومنتخب سیکریٹری جنرل مسلم امہ کے مفادات کے فروغ اور مشترکہ مسائل کے حل کے لیے مؤثر کردار ادا کریں گے۔

نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے کہا کہ فلسطین اور جموں و کشمیر سمیت مسلم دنیا کو درپیش اہم مسائل کے حل کے لیے او آئی سی کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اسلامی ممالک کے درمیان تعاون اور مشترکہ مؤقف کو مزید مضبوط بنانے کی ضرورت ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق او آئی سی کے نومنتخب سیکریٹری جنرل اسماعیل ولد شیخ احمد نے پاکستان کی جانب سے حمایت پر اسحاق ڈار کا شکریہ ادا کیا اور تنظیم میں پاکستان کے اہم کردار کو سراہا۔

اسماعیل ولد شیخ احمد نے ایران تنازع کے خاتمے اور خطے میں امن کے فروغ کے لیے پاکستانی قیادت کی کوششوں کو بھی قابل تحسین قرار دیا۔ انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے خطے میں امن و استحکام کے لیے پاکستان کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔

ترجمان کے مطابق نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل نے اسحاق ڈار کو مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے پر بھی مبارکباد دی۔ انہوں نے پاکستان، سعودی عرب اور ترکیہ کے درمیان ہونے والے اس معاہدے کو علاقائی امن اور سلامتی کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا۔

گفتگو کے دوران دونوں رہنماؤں نے اسلامی تعاون تنظیم کے کردار کو مزید مؤثر اور مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں جانب سے او آئی سی کے پلیٹ فارم کو مسلم امہ کے مشترکہ مفادات کے فروغ اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مزید فعال بنانے کی ضرورت پر بھی زور دیا گیا۔

اسحاق ڈار اور نومنتخب او آئی سی سیکریٹری جنرل نے مستقبل میں مسلسل رابطے برقرار رکھنے پر اتفاق کیا، جبکہ دونوں رہنماؤں کے درمیان جلد ملاقات پر بھی اتفاق کیا گیا۔ اس ملاقات میں او آئی سی کے کردار، علاقائی صورتحال اور مسلم دنیا کو درپیش اہم معاملات پر مزید تبادلہ خیال متوقع ہے۔

More News