اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو

اسحاق ڈار کی برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات، دوطرفہ تعلقات اور علاقائی امور پر گفتگو

لندن: نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے لندن میں برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور برطانیہ کے دوطرفہ تعلقات سمیت علاقائی اور عالمی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات کے دوران دونوں ممالک کی وزارتِ خارجہ کے درمیان وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوئے۔ فریقین نے دونوں وزارتوں کے درمیان باضابطہ مذاکرات کے لیے ایک منظم طریقہ کار قائم کرنے پر اتفاق کیا، جس کے تحت مختلف شعبوں میں تعاون اور اہم معاملات پر پیش رفت کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا۔

پاکستان اور برطانیہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر اعلیٰ سطحی روابط برقرار رکھنے اور قریبی رابطہ کاری جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔

ملاقات میں مشرق وسطیٰ کی صورتحال سمیت مختلف علاقائی اور عالمی امور زیر بحث آئے۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے برطانوی وزیر خارجہ کو مشرق وسطیٰ کے حوالے سے پاکستان کی سفارتی کوششوں اور ثالثی کے لیے کیے جانے والے اقدامات سے آگاہ کیا۔

اسحاق ڈار نے پاکستان کے مؤقف اور خطے میں امن و استحکام کے لیے سفارتی سطح پر جاری کوششوں پر بھی روشنی ڈالی۔ دونوں جانب سے خطے میں امن کے فروغ اور کشیدگی کے خاتمے کے لیے سفارتی روابط اور تعاون کی اہمیت پر زور دیا گیا۔

برطانوی وزیر خارجہ ایڈ ملی بینڈ نے مشرق وسطیٰ میں پاکستان کے تعمیری کردار اور سہولت کاری کی کوششوں کو سراہا۔

دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر اتفاق کیا کہ پاکستان اور برطانیہ کے درمیان موجودہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اعلیٰ سطحی روابط اور ادارہ جاتی تعاون کو جاری رکھا جائے گا۔

ملاقات کو دونوں ممالک کے درمیان سفارتی رابطوں کے فروغ اور باہمی دلچسپی کے علاقائی و عالمی معاملات پر تعاون بڑھانے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

More News