آئی فون 18 کی 9 ستمبر کو رونمائی متوقع، ایپل کا پہلا فولڈ ایبل فون بھی توجہ کا مرکز
فولڈ ایبل آئی فون کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے تجاوز کرنے کا امکان
اسلام آباد: ایپل نے آئی فون 18 سیریز متعارف کرانے کی تاریخ کا اعلان کردیا ہے، نئی سیریز کی رونمائی 9 ستمبر 2026 کو متوقع ہے۔ دنیا بھر میں ایپل صارفین کی نظریں اس ایونٹ پر مرکوز ہیں، جہاں نئے آئی فونز کے ساتھ دیگر مصنوعات بھی پیش کیے جانے کا امکان ہے۔
رپورٹس کے مطابق آئی فون 18 سیریز کے ساتھ ایپل واچ سیریز 12، ایپل واچ الٹرا، ہوم پوڈ منی، آئی پوڈ اور ایپل ٹی وی بھی متعارف کرائے جاسکتے ہیں۔
اس بار ایپل کی جانب سے آئی فون متعارف کرانے کی حکمت عملی میں تبدیلی کیے جانے کی اطلاعات ہیں۔ مختلف رپورٹس اور لیکس کے مطابق ایونٹ میں آئی فون 18 اور آئی فون 18 پرو میکس کے ساتھ کمپنی کا پہلا فولڈ ایبل آئی فون بھی متعارف کرائے جانے کا امکان ہے، جسے ممکنہ طور پر آئی فون الٹرا کا نام دیا جاسکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایپل اسٹینڈرڈ آئی فون 18 اور آئی فون ایئر 2 کو رواں ایونٹ کے بجائے 2027 کے آغاز میں مارکیٹ میں پیش کرسکتا ہے۔
فولڈ ایبل آئی فون کو ایپل کا اب تک کا مہنگا ترین اسمارٹ فون قرار دیا جارہا ہے۔ رپورٹس کے مطابق اس کی قیمت 2 ہزار ڈالر سے زائد ہوسکتی ہے، تاہم حتمی قیمت کا اعلان کمپنی کی جانب سے لانچ ایونٹ میں کیے جانے کا امکان ہے۔
دوسری جانب بلومبرگ کی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ایپل آئی فون 18 پرو سیریز کی قیمتوں میں بھی اضافہ کرسکتا ہے۔ ممکنہ طور پر قیمت میں تقریباً 100 ڈالر کا اضافہ کیا جائے گا۔
اگر یہ اضافہ کیا گیا تو آئی فون 18 پرو کی ابتدائی قیمت 1099 ڈالر سے بڑھ کر 1199 ڈالر ہوسکتی ہے۔
رپورٹ کے مطابق قیمتوں میں اضافے کی ممکنہ وجوہات میں ریم اور دیگر چپس کی بڑھتی ہوئی قیمتیں شامل ہیں۔ تاہم ایپل کی جانب سے قیمتوں اور تمام نئے ماڈلز کی حتمی تفصیلات رونمائی کے موقع پر سامنے آنے کی توقع ہے۔








