تہران پر اسرائیلی فضائی حملہ، علی لاریجانی سمیت اہم شخصیات جاں بحق
ویب ڈیسک
ایران کی معروف سیاسی و سکیورٹی شخصیت علی لاریجانی ایک مبینہ اسرائیلی فضائی حملے میں جان کی بازی ہار گئے۔ اس حملے میں ایران کی داخلی سیکیورٹی سے وابستہ اہم کمانڈر اور بسیج فورس کے سربراہ غلام رضا سلیمانی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔
ایرانی ذرائع ابلاغ نے واقعے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ یہ حملہ دارالحکومت تہران میں ایک حساس مقام پر کیا گیا۔ ایرانی قومی سلامتی کونسل سے منسلک سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر بھی ایک پیغام جاری کیا گیا، جس میں ان کی وفات کی تصدیق کی گئی۔
بین الاقوامی میڈیا رپورٹس کے مطابق اسرائیلی فضائیہ کے جنگی طیاروں نے ایک خفیہ مقام کو نشانہ بنایا جہاں علی لاریجانی موجود تھے۔ اطلاعات کے مطابق وہ شہر کے مشرقی حصے میں اپنے اہل خانہ سے ملاقات کے لیے گئے ہوئے تھے۔
حملے کے نتیجے میں ان کے بیٹے مرتضیٰ بھی جان سے گئے، جبکہ دیگر نقصانات کی تفصیلات تاحال سامنے نہیں آ سکیں۔
واقعے کے بعد خطے میں کشیدگی میں مزید اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔








