پشاور میں کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی منظوری

پشاور: کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی منظوری، ویسٹ ٹو فیول منصوبہ شروع

پشاور: وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی کی زیر صدارت پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ (پی پی پی) کمیٹی کا 10واں اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشاور میں کچرے کو ایندھن میں تبدیل کرنے کے منصوبے کی تجویز منظور کر لی گئی۔

اجلاس میں بریفنگ دیتے ہوئے حکام نے بتایا کہ ویسٹ ٹو فیول منصوبے کے تحت جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے کچرے کو قابل استعمال ایندھن میں تبدیل کیا جائے گا۔ شمشتو لینڈ فل سائٹ پر میٹریل ریکوری اور پروسیسنگ کی جدید سہولیات قائم کی جائیں گی، جس سے کچرے کے بہتر انتظام، لینڈ فل سائٹس پر ذخیرہ کم کرنے اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی متوقع ہے۔

وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے کہا کہ یہ منصوبہ درآمدی کوئلے پر انحصار کم کرنے، زرمبادلہ کی بچت اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ منصوبے کے تحت ریفیوز ڈرائیوڈ فیول (RDF) کو سیمنٹ صنعت میں کوئلے کے متبادل کے طور پر استعمال کیا جائے گا، جس سے صنعتی شعبے کو بھی فائدہ پہنچے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ منصوبہ کاربن کریڈٹس اور صنعتی استعمال کے ذریعے معیشت کو اضافی فائدہ پہنچائے گا اور شہر کو صاف و سرسبز بنانے میں مددگار ثابت ہوگا۔ اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ ایک نجی کمپنی کی تجویز کو شفاف اور مسابقتی بنیادوں پر مارکیٹ میں پیش کیا جائے گا تاکہ بہترین ممکنہ آپشن کا انتخاب کیا جا سکے۔

More News