اسلام آباد، راولپنڈی میں مسلسل دوسرے روز موسلادھار بارش، نشیبی علاقے زیر آب
اسلام آباد اور راولپنڈی میں مسلسل دوسرے روز موسلادھار بارش سے کئی نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جبکہ راولپنڈی کے شمس آباد میں سب سے زیادہ 116 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
واسا حکام کے مطابق بارش کے باعث رین ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے، فیلڈ عملے کی چھٹیاں منسوخ جبکہ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈر پاس، مری روڈ، ڈھوک کھبہ، سرکلر روڈ اور صادق آباد میں ہیوی مشینری تعینات کردی گئی ہے۔
نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح 10.5 فٹ جبکہ گوالمنڈی کے مقام پر 8.5 فٹ ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد، خطہ پوٹھوہار، بالائی خیبرپختونخوا، کشمیر، شمال مشرقی پنجاب اور گلگت بلتستان میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ مزید بارش کی پیشگوئی کی ہے۔








