اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش
اسلام آباد اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں کے ساتھ موسلادھار بارش ہوئی، جس کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا۔ راولپنڈی میں مری روڈ، صادق آباد، راجا بازار، شمس آباد، کچہری، نیو کٹاریاں، چکلالہ اور پیرودہائی سمیت مختلف علاقوں میں بارش ریکارڈ کی گئی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق راولپنڈی میں اب تک مجموعی طور پر 30 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جاچکی ہے۔ شمس آباد میں 18، کچہری میں 3، پیرودہائی میں 16 اور کٹاریاں میں 13 ملی میٹر بارش ہوئی، جبکہ اسلام آباد کے سیدپور میں 6، گولڑہ میں 18، بوکڑہ میں 15 اور پی ایم ڈی میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
بارش کے باعث راولپنڈی کے نالہ لئی میں کٹاریاں کے مقام پر پانی کی سطح ساڑھے 5 فٹ تک پہنچ گئی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے صورتحال پر نظر رکھی جارہی ہے۔
دوسری جانب کراچی کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش ہوئی، جبکہ حیدرآباد سمیت سندھ کے دیگر شہروں اور پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی بادل خوب برسے۔
این ڈی ایم اے نے ملک کے مختلف علاقوں میں 17 ستمبر تک مزید بارشوں کا الرٹ جاری کیا ہے۔ پنجاب کے مختلف اضلاع اور بالائی خیبرپختونخوا میں شدید بارشوں کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔







