اسلام آباد پر دھاوا بولنے والوں کو سخت نتائج کا سامنا ہوگا، محسن نقوی
لاہور: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کی تیاری کی جا رہی ہے، تاہم اب بھی وقت ہے کہ سیاسی قیادت ایسا راستہ اختیار کرنے سے گریز کرے جس سے واپسی مشکل ہو۔ انہوں نے خبردار کیا کہ وفاقی دارالحکومت پر دھاوا بولنے یا امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی کوشش کرنے والوں کو سخت قانونی نتائج کا سامنا کرنا پڑے گا۔
محسن نقوی نے پریس کانفرنس میں کہا کہ اسلام آباد کو بند کرنے یا شہریوں کی معمول کی زندگی متاثر کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق حکومت نے لانگ مارچ سے متعلق تمام ضروری انتظامات مکمل کر لیے ہیں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو واضح ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے تفصیلی فیصلے کے بعد سڑکوں اور شاہراہوں کو بند کرنا یا شہریوں کی آمدورفت میں رکاوٹ ڈالنا قانونی طور پر قابلِ قبول نہیں۔ عدالت نے بھی قرار دیا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو عوامی سڑکوں، شاہراہوں یا عمارتوں پر قبضہ کرنے کا قانونی حق حاصل نہیں۔
محسن نقوی نے پی ٹی آئی قیادت کو اپنے کارکنوں اور ملک کے مفاد کو مدنظر رکھنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ سیاسی سرگرمی اور احتجاج کا حق اپنی جگہ، تاہم قانون کی خلاف ورزی کی صورت میں کارروائی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت اسلام آباد میں امن و امان برقرار رکھنے کے لیے قانون کے مطابق اقدامات کرے گی۔








