کوہاٹ: پولیس لائن مسجد دھماکے کے مزید 2 زخمی ہسپتال میں دم توڑ گئے

کوہاٹ پولیس لائن مسجد دھماکا، شہیدوں کی تعداد 25 ہوگئی

کوہاٹ: پولیس لائن مسجد میں ہونے والے خودکش دھماکے کے مزید دو زخمی ہسپتال میں دورانِ علاج دم توڑ گئے، جس کے بعد واقعے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 25 ہوگئی۔

پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں ڈاکٹر رب نواز بھی شامل ہیں، جبکہ دھماکے میں زخمی ہونے والا ایک کم عمر ریڑھی بان بھی زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہار گیا۔

حکام کے مطابق دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو کوہاٹ سمیت مختلف ہسپتالوں میں طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔ طبی عملہ زخمیوں کے علاج میں مصروف ہے۔

یاد رہے کہ 18 ستمبر کو کوہاٹ پولیس لائن کی مسجد میں خودکش دھماکا ہوا تھا، جس میں ابتدائی طور پر 23 افراد شہید ہوئے تھے۔ پولیس کے مطابق شہید ہونے والوں میں 15 پولیس اہلکار بھی شامل تھے۔

دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے حملہ آوروں کے خلاف کارروائی کی، جس میں 7 دہشت گرد مارے گئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے دھماکے کی تحقیقات جاری ہیں۔

مزید دو زخمیوں کے جاں بحق ہونے کے بعد حملے میں شہید ہونے والوں کی تعداد 25 تک پہنچ گئی ہے۔

More News