افغانستان میں آزادی صحافت پر پابندیاں، 77 سے زائد صحافی گرفتار، دھمکیوں کا سامنا
افغانستان میں طالبان حکومت کے دور میں آزادی صحافت اور صحافیوں کے تحفظ سے متعلق خدشات میں اضافہ ہوا ہے، جہاں صحافیوں کو گرفتاریوں، دھمکیوں اور سنسرشپ کا سامنا ہے۔ عالمی میڈیا واچ ڈاگ رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز (RSF) کی تحقیق میں صحافیوں کی نگرانی اور میڈیا پر پابندیوں سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق اگست 2021 میں طالبان کے اقتدار میں آنے کے بعد سے اب تک 77 سے زائد افغان صحافی گرفتار کیے جا چکے ہیں، جبکہ انہیں مختلف اوقات میں قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنا پڑیں۔
تحقیق میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ طالبان انٹیلی جنس کا ڈائریکٹوریٹ 015 صحافیوں کی نگرانی میں مرکزی کردار ادا کر رہا ہے۔ اس کے علاوہ طالبان حکومت کے حق میں پروپیگنڈا کرنے اور مخالفین کو بدنام کرنے کے لیے تقریباً 1500 سوشل میڈیا اکاؤنٹس استعمال کیے جانے کا انکشاف بھی کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق سوشل میڈیا پر مہمات چلانے اور خبریں پھیلانے کے لیے ڈائریکٹوریٹ 015 کو 7 کروڑ افغانی سے زائد کا بجٹ فراہم کیا گیا ہے۔
رپورٹرز ود آؤٹ بارڈرز کی تحقیق میں مزید بتایا گیا ہے کہ افغانستان میں طالبان حکومت صحافت اور میڈیا سے متعلق 20 سے زائد پابندیاں عائد کر چکی ہے، جنہیں ادارے نے غیر قانونی قرار دیا ہے۔
ان انکشافات نے افغانستان میں صحافیوں کی آزادی، میڈیا کی خودمختاری اور معلومات تک عوام کی رسائی سے متعلق صورتحال پر نئے سوالات اٹھا دیے ہیں۔







