صحرا سے مریخ کا 4.1 ارب سال قدیم نایاب شہابی پتھر دریافت، سرخ سیارے کی ابتدائی تاریخ کے نئے راز سامنے آگئے
مالی: افریقی ملک مالی کے صحارا صحرا سے دریافت ہونے والا گلابی رنگ کا ایک نایاب شہابی پتھر سائنس دانوں کے لیے غیر معمولی اہمیت اختیار کرگیا ہے۔ تحقیق کے مطابق تقریباً 2 پاؤنڈ وزنی یہ پتھر 4.1 ارب سال سے زیادہ قدیم ہے اور زمین پر دریافت ہونے والے مریخ کے قدیم ترین شہابی پتھروں میں شمار ہوتا ہے۔
یہ پتھر 2022ء میں مالی کے صحرا میں واقع نمک کے ایک میدان سے ملا تھا، جس کے نام پر اسے ’تیغزہ 001‘ کا نام دیا گیا۔ امریکی خلائی ادارے ناسا کی جیٹ پروپلشن لیبارٹری کے مطابق اس دریافت کو مریخ سے زمین پر آنے والے اب تک معلوم تقریباً 435 شہابی پتھروں کی فہرست میں شامل کرلیا گیا ہے۔
تحقیق کے مرکزی مصنف اور ناسا کے سائنس دان یانگ لیو کے مطابق ابتدائی طور پر اس پتھر کی غیر معمولی اہمیت کا اندازہ نہیں لگایا جاسکا تھا، تاہم تفصیلی سائنسی تجزیے کے دوران اس میں متعدد اہم معدنیات کی موجودگی کا انکشاف ہوا۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ نمونہ مریخ کے قدیم جغرافیائی اور ارضیاتی حالات کو سمجھنے میں مدد فراہم کرسکتا ہے۔
سائنس دانوں کے مطابق شہابی پتھر میں پگھلی ہوئی چٹان سے بننے والی مختلف معدنیات موجود ہیں، جو اربوں سال پہلے مریخ کی بیرونی سطح کی تشکیل اور اس کے بتدریج ٹھنڈا ہونے کے عمل سے متعلق اہم معلومات فراہم کرتی ہیں۔
تحقیق کے دوسرے مصنف اور ناسا کے تحقیقی مرکز سے وابستہ سائنس دان لی سیپر کا کہنا ہے کہ یہ مریخ کی ایسی سطح کا پہلا نمونہ ہے جس کا اس سے پہلے سائنس دانوں نے مطالعہ نہیں کیا۔ اس دریافت سے سرخ سیارے کی ابتدائی ارضیاتی تاریخ کے بارے میں نئی معلومات حاصل ہونے کی توقع ہے۔
تحقیق کے دوران پتھر میں پانی اور چٹانوں کے باہمی تعامل کے شواہد بھی ملے ہیں۔ سائنس دانوں کے مطابق تقریباً 4.1 ارب سال پہلے پانی نے اس چٹان کی ساخت میں تبدیلیاں پیدا کی تھیں، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ چٹان اس دور سے بھی پہلے وجود میں آچکی تھی۔ اس میں ایسے آثار بھی موجود ہوسکتے ہیں جو اس زمانے کے مریخی ماحول کو سمجھنے میں مدد دیں جب سیارے سے پانی ختم ہونے کا عمل جاری تھا۔
ماہرین کے مطابق مریخ کی سطح پر طاقتور خلائی تصادم کے نتیجے میں چٹانوں کے ٹکڑے خلا میں بکھر جاتے ہیں، جن میں سے بعض طویل سفر طے کرکے زمین تک پہنچ جاتے ہیں۔
اس شہابی پتھر کا مریخ سے تعلق نیو میکسیکو یونیورسٹی کے محققین نے آکسیجن کے ہم جا اجزا کے تجزیے کے ذریعے ثابت کیا۔ بعد ازاں ناسا اور کیلیفورنیا انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی کے سائنس دان بھی تحقیق میں شامل ہوگئے۔
محققین نے انتہائی چھوٹے معدنی نمونوں کی عمر معلوم کرنے کے لیے جدید سائنسی طریقہ استعمال کیا، جس سے شہابی پتھر کا بیشتر حصہ مستقبل کی تحقیق کے لیے محفوظ رکھا جاسکا۔ سائنس دانوں کے مطابق یہ دریافت مریخ پر قدیم پانی کی موجودگی، اس کی سطح پر پانی کی نقل و حرکت اور سیارے کے ابتدائی حالات کو سمجھنے میں اہم پیش رفت ثابت ہوسکتی ہے۔







