پاکستان ریلوے نے پہلی مرتبہ 100 ارب روپے ریونیو کا ہدف عبور کرلیا، اگلا ہدف 160 ارب ہے، حنیف عباسی

پاکستان ریلوے نے پہلی مرتبہ 100 ارب روپے ریونیو کا ہدف عبور کرلیا، اگلا ہدف 160 ارب ہے، حنیف عباسی

وفاقی وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے کہ پاکستان ریلوے نے تاریخ میں پہلی مرتبہ 100 ارب روپے ریونیو کا ہدف عبور کرلیا ہے جبکہ اگلا ہدف 160 ارب روپے مقرر کیا گیا ہے۔

راولپنڈی میں عوام ایکسپریس کی نئی بوگیوں کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے حنیف عباسی نے کہا کہ عوام ایکسپریس کی حالت پہلے ایسی تھی کہ اسے دیکھنے کو دل نہیں چاہتا تھا، تاہم اب اس کی اپ گریڈیشن کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مزید ٹرینوں کو بھی جدید سہولیات سے آراستہ کیا جائے گا۔

وزیر ریلوے کے مطابق قراقرم اور ملت ایکسپریس میں بھی مسائل سامنے آئے تھے جنہیں حل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ دیگر شعبوں کی طرح ریلوے کو بھی نجکاری اور آؤٹ سورسنگ کی جانب لے جایا جا رہا ہے، جبکہ ریلوے اسپتالوں کو بھی آؤٹ سورس کرنے کا منصوبہ ہے۔ تاہم ریلوے ملازمین کا علاج مفت جاری رہے گا۔

حنیف عباسی نے کہا کہ ریلوے نے صوبوں کی مشاورت سے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا آغاز کیا ہے۔ پنجاب اور خیبرپختونخوا کے ساتھ معاہدے طے پاچکے ہیں جبکہ سندھ بھی برانچ روٹس کو فعال کرنا چاہتا ہے تو اس کے لیے سہولیات موجود ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ پنجاب میں رواں سال چار جبکہ آئندہ مالی سال میں مزید چار برانچ روٹس پر ٹرین سروس بحال کرنے کا منصوبہ ہے۔

More News