امریکا میں ویزا جعلسازی کی تحقیقات، بھارتی آئی ٹی کمپنیوں کا نام بھی سامنے آگیا
واشنگٹن: امریکا میں ایچ ون بی اور پرم ویزا پروگرامز میں مبینہ جعلسازی کی تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے، جس میں متعدد بھارتی آئی ٹی کمپنیوں کو بھی شامل کیا گیا ہے۔
بھارتی اخبار کے مطابق تحقیقات کی زد میں معروف بھارتی آئی ٹی کمپنی کوگنیزنٹ بھی شامل ہے، جبکہ معاملے کی نگرانی امریکی نائب صدر جے ڈی وینس کی سربراہی میں قائم ٹاسک فورس کر رہی ہے۔
رپورٹ کے مطابق امریکی حکام مبینہ جعلی یا گمراہ کن ویزا درخواستوں، غیر ملکی کارکنوں کے استحصال اور امریکی شہریوں کے روزگار کے مواقع متاثر ہونے کے الزامات کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
انسپکٹر جنرل انتھونی ڈی ایسپوزیتو کے مطابق متعلقہ کمپنیوں کو سمن جاری کیے جا چکے ہیں، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کا مقصد ویزا نظام میں ممکنہ بے ضابطگیوں اور قوانین کی خلاف ورزیوں کا جائزہ لینا ہے۔ تاہم نامزد کمپنیوں کی جانب سے تاحال باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔








