امریکی اور اسرائیلی جنگی اقدامات کے سیاسی نتائج انتخابات میں سامنے آئے، ایرانی صدر مسعود پزشکیان
تہران: ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے کہا ہے کہ امریکا اور اسرائیل کو ان کے بقول جنگی جرائم اور خطے میں فوجی کارروائیوں کے سیاسی نتائج اپنے ہی ملکوں کے انتخابات میں بھگتنا پڑے ہیں، جبکہ یورپ میں بھی انتخابی نتائج نے جنگ پسندانہ پالیسیوں کی مخالفت کا اظہار کیا ہے۔
ایرانی صدر نے یہ بات بدھ کے روز ترکی روانگی سے قبل صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وہ ترکی کے شہر انطالیہ میں منعقد ہونے والی اقوام متحدہ کی 31ویں عالمی ماحولیاتی کانفرنس (COP31) میں شرکت کے لیے روانہ ہوئے۔
مسعود پزشکیان کا کہنا تھا کہ امریکا اور اسرائیل نے خطے میں جو اقدامات کیے ہیں، ان کے اثرات ان کے اپنے ملکوں کے انتخابی نتائج میں بھی دکھائی دیے ہیں۔ ان کے مطابق امریکا اور اسرائیل ہی نہیں بلکہ یورپ میں بھی انتخابات کے نتائج جنگ کے حامیوں اور جارحانہ پالیسیوں کی حمایت کرنے والوں کے مؤقف کے برعکس رہے ہیں۔
ایرانی صدر نے الزام عائد کیا کہ امریکا اور اسرائیل جمہوریت اور انسانی حقوق کے اصولوں کی بات کرتے ہیں، تاہم ان کے عملی اقدامات ان دعوؤں سے مطابقت نہیں رکھتے۔ انہوں نے کہا کہ عالمی ماحولیاتی کانفرنس انہیں ایران کا مؤقف اور جنگ کے ماحولیاتی اثرات عالمی رہنماؤں کے سامنے پیش کرنے کا موقع فراہم کرے گی۔
پزشکیان کے مطابق جنگی کارروائیوں کے نتیجے میں ایران اور خطے کے دیگر علاقوں کو ماحولیاتی نقصان بھی پہنچا ہے۔ وہ کانفرنس کے دوران اس معاملے کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ خطے کی تازہ صورتحال اور فوجی کارروائیوں کے تباہ کن اثرات پر بھی بات کریں گے۔
انہوں نے بتایا کہ کانفرنس میں 196 ممالک کے نمائندے شرکت کر رہے ہیں، جن میں 71 ممالک کی نمائندگی صدور یا وزرائے اعظم کی سطح پر ہوگی۔ اس موقع پر 10 سے زائد ممالک کے رہنماؤں اور اعلیٰ حکام کے ساتھ ملاقاتیں بھی طے ہیں، جن میں ترک صدر رجب طیب اردوان سے ملاقات شامل ہے۔
ایرانی صدر نے ایران اور ترکی کے تعلقات کو مثبت قرار دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان علاقائی، اقتصادی، سماجی اور ثقافتی شعبوں میں مشترکہ مفادات موجود ہیں، جو دوطرفہ تعلقات اور خطے کے استحکام کو مضبوط بنانے میں کردار ادا کرسکتے ہیں۔
پزشکیان نے امید ظاہر کی کہ اس دورے کے ذریعے عالمی برادری تک ایرانی عوام کا مؤقف پہنچانے اور عالمی رہنماؤں کے ساتھ اہم علاقائی و ماحولیاتی امور پر تبادلہ خیال کے مثبت نتائج سامنے آئیں گے۔








