امن اور خوشحالی کیلئے سفارتکاری سے تنازعات حل کیے جائیں: اسحاق ڈار

امن اور خوشحالی کے لیے تنازعات کا حل مذاکرات اور سفارتکاری سے کیا جائے: اسحاق ڈار

اسلام آباد: نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ عالمی اور علاقائی امن کے قیام اور پائیدار خوشحالی کے لیے تنازعات کو فوجی طاقت کے بجائے مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے حل کرنا ضروری ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ عالمی صورتحال میں باہمی تعاون، کثیر الجہتی سفارتکاری اور عالمی قوانین پر یکساں عمل درآمد کی اہمیت پہلے سے کہیں زیادہ بڑھ گئی ہے۔

مارگلہ ڈائیلاگ سے خطاب کرتے ہوئے اسحاق ڈار نے کہا کہ خطے اور دنیا کو درپیش پیچیدہ چیلنجز کے تناظر میں اس نوعیت کے مکالموں کا انعقاد انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔ عالمی مسائل سے نمٹنے کے لیے ممالک کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی اور باہمی تعاون کے ذریعے امن و استحکام کی راہیں تلاش کرنا ہوں گی۔

نائب وزیراعظم نے کہا کہ عالمی قوانین کا غیر منصفانہ اور غیر یکساں اطلاق عالمی سطح پر تفریق اور عدم اعتماد کو جنم دیتا ہے۔ اقوام متحدہ سمیت دیگر عالمی اداروں کو موجودہ چیلنجز سے نمٹنے کے لیے زیادہ مؤثر اور فعال کردار ادا کرنا ہوگا۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ عالمی سکیورٹی کا نظام اس وقت شدید دباؤ کا شکار ہے، جبکہ عالمی طاقتوں کے درمیان بڑھتی ہوئی کشمکش سے تصادم اور غلط اندازوں کے امکانات میں اضافہ ہو رہا ہے۔ فوجی طاقت کے استعمال سے سفارتکاری کے مواقع محدود ہوتے ہیں، اس لیے تنازعات کے حل کے لیے مذاکرات کا راستہ اختیار کرنا ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام بین الاقوامی تنازعات کے پرامن حل کا بھرپور حامی ہے اور سمجھتا ہے کہ عالمی امن کے لیے سفارتی کوششوں کو ترجیح دی جانی چاہیے۔ موجودہ حالات میں سفارتکاری کے لیے مزید گنجائش پیدا کرنے اور ممالک کے درمیان اعتماد سازی کی ضرورت ہے۔

نائب وزیراعظم نے ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجی کو عالمی ترقی کے لیے نئے مواقع کا ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ دنیا تیزی سے تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔ جغرافیائی سیاست، معیشت اور مالیاتی معاملات ایک دوسرے کے ساتھ مضبوطی سے جڑ چکے ہیں، جبکہ تجارت، ٹیکنالوجی، توانائی اور سرمایہ تک رسائی کے حوالے سے عالمی مسابقت میں بھی اضافہ ہو رہا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سیاسی اختلافات کے باعث کثیر الجہتی عالمی اداروں کو مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ بین الاقوامی اصولوں پر غیر مساوی عمل درآمد تمام ممالک کی سلامتی کو متاثر کرتا ہے۔

اسحاق ڈار کے مطابق قومی سلامتی اور عوام کی خوشحالی کے تحفظ کے لیے اندرونی استحکام، مضبوط معیشت اور مؤثر سفارتکاری بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ابھرتے ہوئے عالمی نظام میں امن، تعاون اور مشترکہ ترقی کو یقینی بنانے کے لیے عالمی برادری کو ذمہ دارانہ کردار ادا کرنا ہوگا۔

More News