خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، 7 دہشت گرد ہلاک
اسلام آباد: سکیورٹی فورسز نے خیبرپختونخوا اور بلوچستان میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران فتنہ الہندوستان کے 7 دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا۔
سکیورٹی ذرائع کے مطابق عزمِ استحکام ویژن کے تحت خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ اسی سلسلے میں سکیورٹی فورسز نے باڑہ کے علاقے میں انٹیلی جنس بنیادوں پر کارروائی کی، جس کے دوران فتنہ الہندوستان سے تعلق رکھنے والے 5 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران ہلاک دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ سکیورٹی فورسز کی کارروائی کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو بھی تباہ کر دیا گیا۔
دوسری جانب بلوچستان میں بھی دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں۔ سکیورٹی ذرائع کے مطابق آپریشن ردالفتنہ 3 کے تحت ضلع چاغی کے علاقے نوکچہ میں سکیورٹی فورسز نے کارروائی کی، جس کے دوران مزید 2 دہشت گرد ہلاک ہوئے۔
سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں صوبوں میں کارروائیاں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں، جبکہ دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کا مقصد ممکنہ حملوں اور تخریبی سرگرمیوں کی روک تھام ہے۔








