اپر دیر انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ، گندیگار نے شرینگل کو شکست دے کر ڈسٹرکٹ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا

اپر دیر انٹر اسکول کرکٹ ٹورنامنٹ، گندیگار نے شرینگل کو شکست دے کر ڈسٹرکٹ چیمپئن کا اعزاز حاصل کرلیا

اپر دیر میں ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفس کے زیرِ اہتمام اور ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کے تعاون سے دیر اسپورٹس کمپلیکس میں جاری سالانہ انٹر اسکول سپورٹس ٹورنامنٹ کے زونل اور انٹر زونل مقابلے اختتام پذیر ہوگئے۔

ٹورنامنٹ کے کرکٹ فائنل میں گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول گندیگار اور گورنمنٹ ہائیر سیکنڈری سکول شرینگل کی ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، جہاں دونوں ٹیموں کے درمیان دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے کو ملا۔

فائنل میچ میں دونوں ٹیموں نے کامیابی کے لیے بھرپور کوشش کی، تاہم گندیگار سکول کی ٹیم نے آخری اوور میں کامیابی حاصل کرکے میدان مار لیا اور ڈسٹرکٹ چیمپئن ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔

اس کامیابی کے ساتھ گندیگار کی ٹیم نے اپنی بہترین کھیل کی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا، جبکہ شرینگل کی ٹیم نے بھی فائنل تک رسائی حاصل کرکے ٹورنامنٹ میں نمایاں کارکردگی دکھائی۔

ٹورنامنٹ کی اختتامی تقریب میں ڈسٹرکٹ سپورٹس آفس کی جانب سے فاتح اور رنر اپ ٹیموں کے کھلاڑیوں میں نقد انعامات، دیگر انعامات اور ٹرافیاں تقسیم کی گئیں۔

سالانہ انٹر اسکول سپورٹس ٹورنامنٹ کے انعقاد کا مقصد طلبہ میں کھیلوں کے رجحان کو فروغ دینا، ان کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا اور تعلیمی اداروں کے درمیان صحت مند مقابلے کی فضا قائم کرنا ہے۔

 

More News