مشکل حالات میں شمالی وزیرستان کے لیے اشیائے خوردونوش اور ضروری سامان سے لدے ٹرک پہنچ گئے
شمالی وزیرستان میں مشکل اور نامساعد حالات کے باوجود اشیائے خوردونوش اور دیگر ضروری سامان سے لدے ٹرک پہنچا دیے گئے ہیں، جس سے علاقے میں بنیادی ضروریات کی فراہمی بہتر بنانے کی امید پیدا ہوگئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق وائس چیئرمین اے آر ڈی سی ملک خان مرجان کی خصوصی درخواست، ملک خان مرجان اور ملک روح اللہ خان کی کوششوں، ضلعی انتظامیہ کے تعاون اور بالخصوص کور کمانڈر پشاور کی خصوصی معاونت سے ضروری سامان کی ترسیل ممکن ہوئی۔
ذرائع کے مطابق سامان سے لدے ٹرک اس وقت سبزی منڈی درپہ خیل میں پہنچ چکے ہیں، جہاں انہیں ان لوڈ کیا جا رہا ہے۔ سامان ضلعی انتظامیہ کے حوالے کیا جا رہا ہے تاکہ اسے عوام تک پہنچانے اور اشیائے خوردونوش کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا سکیں۔
علاقے میں مشکل حالات کے باعث ضروری اشیاء کی فراہمی ایک اہم ضرورت بن چکی ہے۔ ایسے میں خوراک اور دیگر بنیادی سامان کی ترسیل کو عوام کو درپیش مشکلات کم کرنے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
عوامی حلقوں نے اس اقدام پر وائس چیئرمین اے آر ڈی سی ملک خان مرجان، ملک روح اللہ خان، ضلعی انتظامیہ اور کور کمانڈر پشاور کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی کوششوں کو سراہا ہے۔ شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ضروری اشیاء کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا تاکہ علاقے کے عوام کو درپیش مشکلات میں کمی آسکے۔








