اپر دیر: ڈپٹی کمشنر کا دیر بازار اور بس اسٹینڈ کا دورہ، صفائی اور عوامی سہولیات کا جائزہ
اپر دیر: گورنر راج کے بعد تعینات نئے ڈپٹی کمشنر ملک دلنواز خان وزیر نے دیر بازار اور بس اسٹینڈ کا دورہ کیا اور صفائی ستھرائی، عوامی سہولیات اور انتظامی امور کا جائزہ لیا۔
دورے کے دوران ڈپٹی کمشنر نے بس اسٹینڈ میں مسافروں کے لیے دستیاب سہولیات اور خواتین کی انتظار گاہ میں صفائی کے انتظامات کا معائنہ کیا۔ انہوں نے بازار میں غیر قانونی تجاوزات ختم کرنے اور ٹریفک و آمدورفت میں حائل رکاوٹیں دور کرنے کی ہدایات بھی جاری کیں۔
ڈپٹی کمشنر نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں اور سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد کا جائزہ لیا، جبکہ قصابوں کی دکانوں کا معائنہ کرتے ہوئے گوشت کی صفائی، حفظانِ صحت کے اصولوں کی پابندی اور گوشت کو ڈھانپ کر رکھنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ عوام کو بہتر سہولیات کی فراہمی، صفائی ستھرائی اور سرکاری نرخنامے پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی بھی کی جائے۔
دوسری جانب شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کے بازار اور بس اسٹینڈ کے دورے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ طویل عرصے بعد کسی اعلیٰ افسر نے خود موقع پر پہنچ کر عوامی مسائل کا جائزہ لیا، جس سے شہریوں کو امید ہے کہ ان کی مشکلات کے حل کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔








