اڈیالہ جیل میں عمران خان سے بہن کی دو ہفتوں میں دوسری ملاقات
راولپنڈی: بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان سے ان کی بہن نورین نیازی نے اڈیالہ جیل میں ملاقات کی، جو تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔
جیل ذرائع کے مطابق ملاقات جیل کے کانفرنس روم میں ہوئی، جہاں نورین نیازی نے عمران خان سے مختلف امور پر گفتگو کی۔ ملاقات مکمل ہونے کے بعد وہ اڈیالہ جیل سے روانہ ہوگئیں، تاہم انہوں نے میڈیا نمائندوں سے بات چیت نہیں کی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نورین نیازی کی گزشتہ دو ہفتوں کے دوران عمران خان سے یہ دوسری ملاقات ہے۔ ملاقات میں کن معاملات پر گفتگو ہوئی، اس حوالے سے مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں۔
عمران خان سے ملاقات کا یہ سلسلہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ان کی صحت اور علاج سے متعلق معاملات بھی زیر بحث ہیں۔ ان کی بہن عظمیٰ خان کی جانب سے عمران خان کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنے اور طبی معائنے سے متعلق توہینِ عدالت کی درخواست دوبارہ دائر کی جا چکی ہے۔
درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اطلاعات عطا تارڑ سمیت دیگر کو فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست میں عمران خان کو علاج کے لیے شفا اسپتال منتقل کرنے اور ان کے میڈیکل ٹیسٹ کرانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔
دوسری جانب اسلام آباد ہائیکورٹ نے اڈیالہ جیل میں قید افراد کے علاج اور اہلخانہ سے ملاقاتوں سے متعلق درخواستوں پر جیل حکام سے میڈیکل رپورٹس اور تفصیلی جواب بھی طلب کر رکھا ہے۔
عمران خان کی اسپتال منتقلی سے متعلق عظمیٰ خان کی درخواست پر سپریم کورٹ رجسٹرار آفس کی جانب سے لگائے گئے اعتراضات دور کرکے اسے دوبارہ دائر کیا گیا ہے۔





